انجری نے سابق برطانوی وکٹ کیپر بلے باز میٹ پرائر کو ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے پر مجبور کر دیا

جمعرات 11 جون 2015 15:47

انجری نے سابق برطانوی وکٹ کیپر بلے باز میٹ پرائر کو ہر طرز کی کرکٹ سے ..

لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار11جون۔2015ء) سابق برطانوی وکٹ کیپر بلے باز میٹ پرائر نے ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنے اس فیصلے کا اعلان کر تے ہوئے33سالہ میٹ پرائر کا کہنا تھا کہ آج کا دن ان کی زندگی کا سب سے اداس دن ہے کیوں کہ انہیں اپنے محبوب کھیل سے کنارہ کشی اختیار کرنا پڑ رہی ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ وہ 2015ء میں کاؤنٹی کرکٹ میں واپسی کے لیے پرامید تھے تاہم ٹخنے کی انجری نے انہیں یہ فیصلہ لینے کے لیے مجبور کیا ہے۔

میٹ پرائر نے مئی 2007ء میں لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ پر اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری سکور کی تھی جبکہ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ 11ماہ پہلے جولائی 2014ء میں بھارت کے خلاف لارڈز ہی میں کھیلا تھا جس کے بعد ٹخنے کی انجری کے باعث انہیں سرجری بھی کروانا پڑی تھی۔

(جاری ہے)

میٹ پرائر 3ایشز سیریز جیتنے والی انگلینڈ ٹیم کے اہم رکن تھے جبکہ انگلینڈکو ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر 1ٹیم بنانے میں ان کا بہت اہم کردار تھا۔

میٹ پرائر نے انگلینڈ کے لیے 79ٹیسٹ میچز میں 40.18کی اوسط سے 4099رنز سکور کی تھے جبکہ 7سنچریاں اور 28نصف سنچریاں بھی ان کے کریڈٹ پر موجود ہیں،پرائر نے وکٹوں کے پیچھے 243کیچ اور 13سٹمپ بھی کیے،وہ ایلن ناٹ کے بعد انگلینڈ کے دوسرے کامیاب ترین ٹیسٹ وکٹ کیپر تھے۔ پرائر نے 68ون ڈے اور 10ٹی ٹونٹی میچز میں بھی انگلینڈ کی نمائندگی کر رکھی ہے جبکہ2001ء میں ڈبیو کے بعد انہوں نے 249فرسٹ کلاس میچز میں 39.25کی اوسط سے 13228رنز بنائے جس میں 28سنچریاں بھی شامل ہیں جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں انہوں نے وکٹوں کے پیچھے 683شکار بھی کیے۔

متعلقہ عنوان :