جوڈیشل انکوائری کمیشن کو 90فیصد قومی و صوبائی حلقوں کے فارم 15 کا ریکارڈ موصول

جمعرات 11 جون 2015 16:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) 2013ء کے عام انتخابات میں مبینہ انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کے لئے قائم جوڈیشل انکوائری کمیشن کو 90فیصد قومی و صوبائی حلقوں کے فارم 15 کا ریکارڈ موصول ہوگیا‘ قومی اسمبلی کے 62ہزار 990پولنگ سٹیشنز میں سے 20ہزار 672 کے فارم پندرہ غائب ‘ 6ہزار 802 تھیلے کھلے پائے گئے جبکہ 687 تھیلے غائب ہیں‘ وزیراعظم نواز شریف کے حلقہ این اے 120 کے 220 میں سے 114 پولنگ سٹیشنز کے فارم 15 غائب ہیں‘ عمران خان کے حلقہ این اے 56میں 225 پولنگ سٹیشنز میں سے 34پولنگ سٹیشنز کے فارم 15غائب‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حلقہ این اے 52 کے 351 میں سے 59پولنگ سٹیشنز کے فارم 15غائب ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو جوڈیشل انکوائری کمیشن کو اہم رہنماوٴں کے حلقوں سمیت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 90فیصد حلقوں میں فارم پندرہ کا ریکارڈ موصول ہوگیا۔

(جاری ہے)

ریکارڈ کے مطابق قومی اسمبلی کے 272حلقوں میں سے 241 کی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ قومی اسمبلی کے 62ہزار 990پولنگ سٹیشنز میں سے 20ہزار 672 کے فارم پندرہ غائب ‘ 6ہزار 802 تھیلے کھلے پائے گئے جبکہ 687 تھیلے غائب ہیں‘ پنجاب اسمبلی کے 39ہزار پولنگ سٹیشنز میں سے 12ہزار پولنگ سٹیشنز کے فارم پندرہ غائب ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی کے حلقوں میں 4655 تھیلے کھلے پائے گئے‘ 461 تھیلے غائب ہیں۔

بلوچستان کے 51حلقوں میں سے 35حلقوں کی رپورٹ انکوائری کمیشن کو منتخب ہوئی جبکہ خیبرپختونخواہ کے 99حلقوں میں سے 96کی رپورٹ انکوائری کمیشن کو وصول ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق سندھ اسمبلی کے گیارہ ہزار پولنگ سٹیشنز میں سے پانچ ہزار پولنگ سٹیشنز کے فارم پندرہ غائب ہیں۔ دو ہزار 602 تھیلے کھلے پائے گئے‘ سندھ اسمبلی کے 131حلقوں میں 103کی رپورٹ کمیشن کو موصول ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے حلقہ این اے 120 کے 220 میں سے 114 پولنگ سٹیشنز کے فارم 15 غائب جبکہ 45 تھیلے کھلے پائے گئے ‘ عمران خان کے حلقہ این اے 56میں 225 پولنگ سٹیشنز میں سے 34پولنگ سٹیشنز کے فارم 15غائب‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حلقہ این اے 52 کے 351 میں سے 59پولنگ سٹیشنز کے فارم 15غائب ہیں۔