پاکستان نے دہشتگردوں کے خلا ف کریک ڈاؤن نہ کیا تو میانمار آپریشن دہرا سکتے ہیں،بھارت کی ایک بار پھر بھڑک

جمعرات 11 جون 2015 16:11

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر نے کہا ہے کہ میانمار میں بھارتی فوج کے آپریشن سے پاکستان پر خوف طاری ہوچکا ہے،بھارت کے نئے انداز پر پاکستان نے اپنا ردعمل دینا شروع کردیا ہے ، اگر پاکستان نے دہشتگردوں کے خلا ف کریک ڈاؤن نہ کیا تو بھارت میانمار آپریشن دہرا سکتا ہے ،پاکستان دہشتگردوں کی سرپرستی کررہا ہے۔

جمعرات کو بھارتی میڈیاکے مطابق ملکی دفاع کیلئے سازوسامان کے حصول کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منوہر پریکر نے کہاکہ میانمار میں شمال مشرقی دہشتگردوں کے خلاف آپریشن سے سوچ میں تبدیلی نظر آئی ہے اگر سوچنے کا طریقہ کار تبدیل ہوجائے تو پھر بہت سے تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ د و تین روز میں آپ لوگوں نے دہشتگردوں کے خلاف ایک چھوٹے سے ایکشن سے سیکورٹی کے منظر نامنے میں کئی تبدیلیاں دیکھی ہونگی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انھوں نے میانمار آپریشن پر مکمل تفصیل بتانے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے کسی سوال کاجواب دینے سے گریزکیا ۔انھوں نے مزید کہاکہ بھارت میانمار آپریشن دہرا سکتا ہے اگر پاکستان نے دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈاؤن نہیں کیا۔انکا کہنا تھاکہ پاکستان دہشتگردوں کی سرپرستی کررہا ہے ۔یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ماحول میں بگاڑ اس وقت دیکھنے میں آیا ہے جب بھارتی وزیراعظم نے گزشتہ دنوں بنگلہ دیش میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ بنگلہ دیش میں بھارتی فوجوں کا خون شامل ہے ۔انھوں نے کہاکہ تھاکہ آزاد بنگلہ دیش کا قیام ہر بھارتی کی خواہش تھی۔

متعلقہ عنوان :