پہلے ون ڈے میں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم نے جس طرح سے شاندار کم بیک کیا ہے یہ قابل ستائش ہے، نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی کامیابی حاصل کرینگے

انگلش قائد ایوان مورگن

جمعرات 11 جون 2015 16:16

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ایوان مورگن نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی کامیابی حاصل کرینگے، پہلے ون ڈے میں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم نے جس طرح سے شاندار کم بیک کیا ہے یہ قابل ستائش ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کھلاڑی اگلے میچز میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے، اپنے ایک بیان میں انگلش ٹیم کے کپتان نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور کیویز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے لیے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیویز کے خلاف پہلے ون ڈے میں کارکردگی ورلڈ کپ سے یکسر مختلف تھی، سینئرز کھلاڑیوں کی کارکردگی غیرمعمولی رہی اور اس کے ساتھ ساتھ نئے پلیئرز کی پرفارمنس بھی حوصلہ افزا رہی، عدیل راشد نے جس طرح سے گیند اور بلے کے ساتھ کارکردگی دکھائی وہ پلس پوائنٹ ہے تاہم سیریز جیتنے کیلئے کھلاڑیوں کو اگلے میچز میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کل جمعہ کو لندن میں کھیلا جائیگا۔