عوام کو معیاری اور سستی اشیاء صرف کی فراہمی کیلئے رمضان پیکیج تیار،اشیائے خوردونوش کی کوالٹی پر کمپرومائز نہیں کیا جائیگا‘بلال یاسین

جمعرات 11 جون 2015 16:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومت نے رمضان بازاروں میں عوام کی سہولت کے لیے سستی اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی کے لیے رمضان پیکج انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ اس ضمن میں تمام ڈی سی اوز اور کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ رمضان بازاروں میں اشیائے صرف کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنائیں اور کسی قسم کی کمی نہ آنے دیں۔

یہ بات انہوں نے سو ل سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق، معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ ارشد جٹ ، ممبر صوبائی اسمبلی میاں رفیق رجوانہ ، چوہدری سرور ، سیکرٹریز صحت ،لائیو سٹاک ،صنعت خوراک ، زراعت ، انفارمیشن کے علاوہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی ، ڈی سی اوز اور ڈائریکٹر انٹیلی جنس بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری انڈسٹری نے اجلاس کو بتایا کہ دال چنا ، دال ماش اور بیسن پر 63ملین کی سبسڈی دی جارہی ہے 316رمضان بازاروں میں ایگرکلچر شاپس پر یہ اشیاء دستیاب ہوں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 15ہزار میٹرک ٹن چینی رمضان بازار وں میں مہیا کی جائے گی۔ جو 52روپے فی کلو کے حساب سے پیکٹ کی صورت میں دستیاب ہوگی۔ اجلاس کوبتایا گیا کہ 10کلوآٹے کا تھیلا اور 20کلو آٹے کا تھیلا اسی طرح گھی بھی سبسڈائز ڈ نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔

اجلاس میں کھلے اور ناقص دودھ کی شکایت کے حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ 16مارچ سے اب تک ایک لاکھ 60ہزار لیٹر ناقص دودھ ضبط کر کے ضائع کردیا گیاہے جس میں پانی کی زیادہ مقدار پائی گئی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مردہ گوشت اور ناقص دودھ پر آپریشن جاری ہے اور امید ہے کہ اس پر جلد قابو پایا لیا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں اشیائے صرف معیاری اور سستے داموں فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے انتظامیہ اپنے فرائض پورے کرے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ضلع میں اشیائے صرف کی کمی کے ڈی سی اوز ذمہ دار ہوں گے اور کمشنر صاحبان روزانہ کی بنیاد پر اشیائے صرف کی وافر فراہمی سے متعلق رپورٹس دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے رمضان بازاروں میں عوام کی سہولت کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی اور اس ضمن میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو کسی صورت میں نہیں چھوڑا جائے گا۔