ناجائز منافع خوری کی آڑ میں کسی کو بھی عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا‘ شہبازشریف

جمعرات 11 جون 2015 16:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اربوں روپے کا خصوصی پیکیج دیا گیا ہے،عوام کو رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں سستے اور معیاری آٹے کی فراہمی کیلئے ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کیا گیا ہے، ماہ مقدس میں رمضان پیکیج کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچنے چاہئیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،عوام کو رمضان پیکیج کے تحت ریلیف کی فراہمی کیلئے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی خود نگرانی کروں گا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر معیاری اشیائے ضروریہ، سبزیوں اور پھلوں کی مناسب قیمت پر وافر فراہمی کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں اور اس ضمن میں عوام کے مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔

(جاری ہے)

تمام متعلقہ ادارے اور محکمے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے فعال انداز میں کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے کیونکہ مجھے عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے اور میں ناجائز منافع خوری کی آڑ میں کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں رمضان پیکیج کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے کمربستہ ہوجائیں۔

عوام کو معیاری اشیاء کی مقررہ نرخوں پر فراہمی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ، پھلوں اور سبزیوں کی نہ صرف کوالٹی بلکہ مناسب قیمت پر عوام کو دستیابی یقینی بنائی جائے اور اس ضمن میں باقاعدگی کے ساتھ مارکیٹوں کے دورے کئے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں قائم ضلعی پرائس کمیٹیاں اشیائے ضروریہ کے معیار اور قیمتوں پر کڑی نگاہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر عام آدمی کی تکالیف کا احساس نہیں کیا جاسکتا، عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے سب کو میدان عمل میں آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے وضع کردہ جامع میکانزم پر ہر صورت میں عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں عوام کی سہولت کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے کیونکہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ہم سب کی قومی، ملی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔