وزیراعلیٰ کی وفاقی وزیر داخلہ کے ہمراہ پولیس فائرنگ سے راولپنڈی میں جاں بحق بھائیوں کی رہائش گاہ آمد

پولیس اہلکاروں کا دونوں بھائیوں پر براہ راست فائرنگ کا کوئی جواز نہ تھا، ذمہ دار کڑی سزا سے نہیں بچ پائیں گے وعدہ ہے کہ آپ کو انصاف ہر صورت دلاؤں گا،شہبازشریف کی مقتولین کی والدہ کو یقین دہانی میں آپ کے بیٹے تو واپس نہیں لا سکتا لیکن انصاف ضرور ہوگا اور ملزم قرار واقعی سزا پائیں گے:وزیراعلیٰ پنجاب جنہوں نے بھی یہ ظلم کیا ہے وہ قرار واقعی سزا کے حقدار ہیں:وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان وزیراعلیٰ اور وفاقی وزیر داخلہ نے مقتولین کیلئے فاتحہ خوانی کی، لواحقین کیلئے 15،15 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان

جمعرات 11 جون 2015 17:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف آج وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ہمراہ پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بھائیوں ذیشان بٹ اور شکیل بٹ کی رہائش گاہ ڈھوک علی اکبر شکریال، راولپنڈی گئے اور غمزدہ اہل خانہ سے اس اندوہناک واقعہ پر دلی دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ذمہ داروں کو قانون کے تحت قرار واقعی سزا دی جائے گی اور تحقیقات میں قصور وار پائے جانے والے کسی بھی شخص سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جاں بحق ہونے والے بھائیوں کی والدہ اور سوگوار خاندان سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے بھائیوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر والدہ اور لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میر اآپ سے وعدہ ہے کہ آپ کو انصاف ہر صورت دلاؤں گا۔

پولیس اہلکاروں کا دونوں بھائیوں پر براہ راست فائرنگ کا کوئی جواز نہ تھا۔آپ کے خاندان کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے، ظالم کڑی سے کڑی سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔پولیس اہلکاروں کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ براہ راست گولیاں چلائیں اور کسی کا ہنستا بستا گھر اجاڑ دیں۔ میں آپ کے بیٹے تو واپس نہیں لا سکتا لیکن انصاف ضرور ہوگا اور ملزم قرار واقعی سزا پائیں گے۔

اس اندوہناک واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے ۔ میرے لئے ممکن نہیں کہ میں اس افسوسناک واقعہ پراپنے جذبات کا الفاظ میں اظہار کرسکوں۔انہوں نے کہا کہ آپ کی دنیااجڑ گئی،آپ کو جو دکھ پہنچا ہے اس کا کوئی دوسرا اندازہ نہیں کرسکتا۔ وزیراعلیٰ نے مقتولین کی والدہ کو دلاسہ دیتے ہوئے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی او رکہاکہ میں آپ کو انصاف دلاؤں گا۔

انہوں نے کہاکہ میں آپ کے لخت جگر تو واپس نہیں لا سکتالیکن انصاف ضرورہوگا - اس واقعہ میں ملوث ملزمان کسی صورت قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے-وزیراعلیٰ نے مقتولین کی والدہ سے افسوسناک واقعہ کی تفصیلات بھی معلوم کیں اور انہیں دلاسہ دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سوگوار خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس اندوہناک واقعہ پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے اور ہم غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں اور کہاکہ جنہوں نے بھی یہ ظلم کیا ہے وہ قرار واقعی سزا کے حقدار ہیں اور انہیں قانون کے مطابق کڑی سے کڑی سزا ملے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھی افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کی جانب سے جاں بحق ہونے والے بھائیوں کے لواحقین کیلئے 15، 15 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔