پورے ملک میں ترقی کے ثمرات جلدنظر آئیں گے،کامران مائیکل

وفاقی حکومت نواز شریف کے ویژن کے تحت کام کر رہی ہے ،کے پی ٹی فٹبال گراؤ نڈ کو محمد نواز شریف فٹبال اسٹیڈیم کے نام سے منسوب کر دیا گیا گراؤنڈ کو3.5 کروڑ روپے کی لاگت سے 10 ماہ کے قلیل عرصے میں تیارکر دیا جائیگا ،وفاقی وزیر کا تقریب سے خطاب

جمعرات 11 جون 2015 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وفاقی وزیر برائے جہازرانی و بندرگاہ کامران مائیکل نے کہا ہے کہ پورے ملک میں ترقی کے ثمرات جلدنظر آئیں گے کیونکہ حکومت میاں نواز شریف کے ویژن کے تحت کام کر رہی ہے ،کے پی ٹی فٹبال گراؤ نڈ کو محمد نواز شریف فٹبال اسٹیڈیم کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے اس گراؤنڈ کو3.5 کروڑ روپے کی لاگت سے 10 ماہ کے قلیل عرصے میں تیارکر دیا جائیگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے پی ٹی فٹبال گراؤ نڈ کی ازسر نو تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ) ن( کے ایم این اے ہمایوں خاں اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ کے پی ٹی کے اعلیٰ افسران بشمول چیئرمین کے پی ٹی وائس ایڈمرل شفقت جاوید نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر سینیٹر کامران مائیکل نے چیئرمین کراچی بندرگاہ وائس ایڈمرل شفقت جاوید کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی کوششوں کی بدولت 40 سال کے بعد یہ موقع آیا ہے کہ کے پی ٹی فٹبال گراؤنڈ بننے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ گراؤنڈ بڑی اہمیت کا حامل ہے ، یہاں سے کھیل کر نامور کھلاڑیوں نے پاکستان کا نام بلند کیا ہے اور پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر سہولتیں نہیں ہیں لیکن صلاحیتوں کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔انہوں نے علاقے کے لوگوں کو حوصلہ دیا کہ ان کے دکھوں کا ازالہ جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف ہم سب کو اس ترقی میں شامل کرنا چاہتے ہیں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرتے ہوئے صحیح سمت فراہم کریں گے جس سے ہمارا نوجوان ترقی کرے گا جو کہ ملکی ترقی کا بھی ضامن ہوگا۔

قبل ازیں اپنے خطاب میں ہمایوں خان نے کہا کہ جس طرح یہ گراؤنڈ دوبارہ بننے جا رہا ہے اسی طرح جلد ہی میٹرنیٹی ہوم اور ڈینٹل کلینک کے لئے بھی جگہ فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کیماڑی کے لوگوں کے لئے لائبریری کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ جیسے ہی بجٹ پاس ہوگاتمام کاموں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔`

متعلقہ عنوان :