ہم دھمکی نہیں دیتے کرکے دکھاتے ہیں ، مودی نے اپنی اصلیت دنیا کے سامنے رکھی ہے ،عبدالقادر بلوچ

پاکستان امن سے رہنا چاہتا ہے لیکن امن کو خراب کیا گیا تو ایسے عناصر کو دیکھ لینگے، پاک فوج باعزت ، غیر مند اور بہادر فوج ہے ،بیان

جمعرات 11 جون 2015 17:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وفاقی وزیر سیفران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بیان دیکر دنیا کے سامنے اپنی اصلیت رکھی ہے ، ہم دھمکی نہیں دیتے بلکہ کرکے دکھاتے ہیں ، پاکستان امن سے رہنا چاہتا ہے لیکن امن کو خراب کیا گیا تو پھر ایسے عناصر کو دیکھ لینگے پاک فوج باعزت ، غیر مند اور بہادر فوج ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے اپوزیشن اراکین اسمبلی کی تقاریر کے ردعمل میں کیا جن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے آج بھی ایوان میں بھارت کو جواب نہیں دیا عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ وزارت داخلہ ، وزارت خارجہ اور ہماری پاک فوج سمیت تاجکستان میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہم دھمکی نہیں دیتے بلکہ کرکے دکھاتے ہیں دھمکی دینا مناسب نہیں ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری طاقت پاک فوج ایک باعزت غیرت مند اور بہادر فوج ہے فارمیشن کمانڈوز کانفرنس میں پاک فوج نے جرات مندانہ بیان دیا ہے پاکستان امن سے رہنا چاہتا ہے لیکن اگر امن خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو پھر ان تمام عناصر سے نمٹنا ہمیں آتا ہے جبکہ عبدالقادر بلوچ نے ایوان میں راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ کے حوالے سے بھی ایوان کو آگاہ کیا اور کہا کہ میٹرو منصوبہ صوبے نے اپنے فنڈز سے بنایا ہے اور اس میں وفاق نے کوئی فنڈز مہیا نہیں کئے اگر دوسرے صوبے بھی ایسے ترقیاتی منصوبے بنائیں تو وفاق منع نہیں بلکہ حوصلہ افزائی کریگا آج میٹرو بس میں سوا لاکھ ہمارے غریب وہ بہن بھائی سفر کررہے ہیں جو کہ لائنوں میں کھڑے ہوکر بسوں کے دھکے کھاتے تھے میٹرو میں کوئی امیر یا وزیر سفر نہیں کررہے ہیں بلکہ یہ غریب عوام کا منصوبہ ہے