پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ نہیں‘میاں مقصود احمد

جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپورحصہ لے گی‘امیرجماعت اسلامی لاہور

جمعرات 11 جون 2015 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء ) امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزانہوں نے شاد باغ میں جماعت اسلامی علاقہ شمالی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم ، جماعت اسلامی لاہور کے نائب امراء،ذکراﷲ مجاہد، خلیق احمد بٹ،صدر جماعت اسلامی علاقہ شمالی لاہور چوہدری محمد شوکت اور اطہر محمود نے خطاب کیا جبکہ کنو نشن میں ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ ، پی پی امیراء سیف الرحمن، چوہدری عبدالرشید ، طاہر محمود ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدا لعزیز عابد اوردیگرذمہ داران نے اجلاس میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اختیارات کی نچلی سطح پر تقسیم کے خوف سے عدالتی فیصلے کے باوجود بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا پنجاب میں اس وقت تک تبدیلی ممکن نہیں جب تک عوام اپنے علاقے کے چوہدریوں،وڈیروں اور رسہ گیروں کے چنگل سے آزاد نہیں ہوتے ۔ ان لوگو ں سے نجات اورخلاصی کا واحد ذریعہ انتخابات ہیں۔

ملکی مسائل سے چھٹکارا ایک امانت دار اوردیانت دار قیادت کے ذریعے سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت وتعلیم کے لیے بجٹ میں کچھ نہیں رکھاگیا۔ان دونوں شعبوں میں رکھاگیا بجٹ اونٹ کے منہ میں زیرا کے مترادف ہے۔ صحت اورتعلیم کے بجٹ سے یوں معلوم ہوتا ہے کہ حکومت نے ان دونوں شعبوں کو نجی اورپرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کردیا ہے تاکہ وہ لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹیں ۔

اسی طرح سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7.5فیصد اضافہ ان کے ساتھ بہت بڑا مذاق ہے۔ اس کے برعکس اسمبلی ممبران اوروفاقی سیکرٹریوں کی تنخواہوں میں بجٹ سے پہلے ہی 100فیصد اضافہ کردیاگیا تھا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں غریب عوام کی بنیادی ضروریات کو نظرانداز کردیاگیا ہے جس سے غریب آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :