بلدیہ شرقی کے مسیحی ملازمین کے بنیادی مسائل کے حل اور ریلیف کیلئے اقدامات کیئے گئے ہیں،ایڈمنسٹریٹر

جمعرات 11 جون 2015 20:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی سید صلاح الدین احمد نے مسیحی ملازمین کے وفد کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں مسیحی ملازمین نے ایڈمنسٹریٹر سید صلاح الدین احمد سے عملے کیلئے سہولیات کی فراہمی پر انکی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا مزید براں اپنے کچھ مسائل سے ایڈمنسٹریٹر کوآگاہ کیا ۔

واضح رہے کہ بلدیہ شرقی کے تمام ملازمین کیلئے ہیلتھ پالیسی بنائی گئی ہے جس سے ملازمین کو ریلیف ملا ہے جبکہ لوور اسٹاف بالخصوص مالی اور سوئپرز کیلئے IRD کی آرگنائزیشن " صحت مند زندگیـ" سے معاہدہ طے پاگیا ہے جو کہ بلدیہ شرقی کے مرکزی دفتر اور یوسیز میں کیمپ لگائیں گے جس میں ہیپائٹس سے بچاؤ کی فری ویکسینیشن ، مفت شوگر ٹیسٹ اور مفت ٹی بی ایکسرے کیا جائیگا اور بیماری کی تشخیص کی صورت میں ادارہ " صحت مند زندگیـ" جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مفت علاج کرے گی ۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ ملازمین کو یونیفارم اور جوتے بھی فراہم کیئے جارہے ہیں، اوور ٹائم بحال کیا گیا ہے جبکہ بہترین کارکردگی کرنے پر ملازمین کو اعزازیہ بھی دیا جاتا ہے ۔ اس موقع پر ملازمین نے اپنے کچھ مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ 2001 سے لے کر اب تک نکالے گئے ملازمین کی بحالی، جبکہ آن ڈیوٹی انتقال کرنے والے ملازمین کی جگہ نئے ملازمین کی بھرتی، تعلیم حاصل کرنے پر ملازمین کی تنخواہ میں انکریمنٹ لگانے، سوشل سیکورٹی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خاتون ملازمین کو اعزازیہ کے طور پر سلائی مشین اور مرد حضرات کو سائیکل دینے کی درخواست کی۔

ایڈمنسٹریٹر سید صلاح الدین احمد نے تمام مسائل بغور سننے کے بعد مسیحی ملازمین کے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان کے ریلیف کیلئے پہلے ہی سے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مزید اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کیئے جائیں گے۔