صوبے کے غیورعوام نے سہ فریقی اتحاد کی جانب سے شٹر ڈاون ہڑتال اور احتجاجی پروگرام کو مستردکردیا،محمودخان

جمعرات 11 جون 2015 20:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء)خیبر پختونخواہ کے وزیر آبپاشی محمود خان نے سہ فریقی اتحاد کی جانب سے شٹر ڈاون ہڑتال اور احتجاجی پروگرام کو مسترد کرنے پر صوبے کے عوام اور تمام تاجر برادری کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی عوام نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کی مثبت پالیسیوں پر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے عدم تشدد کے نام نہاد علمبرداروں کی جانب سے صوبے میں امن و امان خراب کرنے اور بد امنی پھیلانے کے مذموم عزائم کو نا کام بنا دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں صوبے کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ محمود خان نے کہا کہ سہ فریقی اتحاد نے ضلع سوات سمیت پورے صوبے کے غریب تاجروں کے کاروبار کو تباہ کرنے اور تشددشروع کرنے کی بھر پور کوششیں کیں جس کی جتنی بھی پر زور الفاظ میں مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

محمود خان نے کہا کہ عوام اور تاجر برادی بلا جواز ا ور بے معنی احتجاج کی کال کو مسترد کر کے نہ صرف سہ فریقی اتحاد کے نام نہادوں کے عزائم کو خاک میں ملایا بلکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جو ترقیاتی کام شروع کیا ہے اس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

محمود خان نے کہا کہ سہ فریقی اتحاد کی جانب سے دہاندلی کا واویلا اور احتجاج بلا جواز ہے انھوں نے سہ فریقی اتحاد کے رہنماوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کھلے دل سے اپنی عبرت ناک شکست کو تسلیم کر لیں۔