Live Updates

بجلی کے صارفین پر چارروپے فی یونٹ سرچاج عائد کرنا ظلم کی انتہاء ہے‘اعجاز چوہدری

موجودہ حکمران عوام کو زندہ درگور کرنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف چار روپے فی یونٹ سرچار چ عائد کرنے کے حکومتی فیصلے کومسترد کرتی ہے عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسی رہی ہے ، اوپر سے حکومت نے بجلی بم چلا کر رہی سہی کسر پوری کردی ہے ‘تقریب سے خطاب

جمعرات 11 جون 2015 20:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے پولیٹیکل ایڈوائزر اعجازاحمدچوہدری نے کہا کہ ظالم حکومت نے آئی ایم ایف کے دباؤ پر بجلی صارفین کو دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وزارت پانی و بجلی کا یہ فیصلہ عوام دشمنی کاکھلا ثبوت ہے ، بجلی کے صارفین پر چارروپے فی یونٹ سرچاج عائد کرنا ظلم کی انتہاء ہے ، موجودہ حکمران عوام کو زندہ درگور کرنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف چار روپے فی یونٹ سرچار چ عائد کرنے کے حکومتی فیصلے کومسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت اس ظالمانہ فیصلے کو فی الفور واپس لے، عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسی رہی ہے ، اوپر سے حکومت نے بجلی بم چلا کر رہی سہی کسر پوری کردی ہے ،وفاق اور پنجاب کا بجٹ غریب عوام سے دھوکا اور فریب ہے ، بجٹ میں ریلیف نام کی کوئی چیز شامل نہیں، حکومت آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ،بجلی کی قیمت بڑھنے سے غریب عوام کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوگا، ظالم اور بے حس حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے عام طبقہ شدید متاثر ہوا ہے ، موجودہ حکمرانوں نے غریب عوام سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے ،اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں ،حکمرانوں نے اپنی ساری عیاشیوں کا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا ہے ، بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہو جائیں گے،بھارتی وزیراعظم کا بیان موجودہ حکمرانوں کے منہ پرطمانچہ ہے۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز رحیم یار خان کے دورے کے موقع پر خان بیلہ میں پارٹی دفتر کی افتتاحی تقریب اور میانوالی قریشیاں میں معروف سیاسی شخصیت آزادامیدوار پی پی 291 سے جاوید محسن نقوی کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران عوام پر ظلم ڈھانے میں زرداری سے بھی دوہاتھ آگے نکل چکے ہیں، بلدیاتی انتخابات (ن) لیگ کی حکومت تحریک انصاف کے خوف کی وجہ سے نہیں کروا رہی ، جب بھی صوبے میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تو (ن) لیگ کو اپنی سیاسی اوقات کا اندازہ ہو جائے گا۔

انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی اور دھاندلی شدہ حکومت عوام کے مسائل اور ان کو تحفظ فراہم کرنے میں بُری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔جوڈیشل کمیشن میں قوم کے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی آگیا ہے ،(ن) لیگ کے درباری منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، ہزاروں حلقوں کے فارم 15 غائب ہیں ، تھیلے کھلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2015 ء الیکشن اور حکمرانوں کی رخصتی کا سال ہے ،جلسے میں آزاد امیدوار جاوید محسن نقوی نے اپنے ساتھیوں سمیت غیر مشروط طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان ہی ملک وقوم کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، موجودہ حکمرانوں سے غریب عوام بیزار ہو چکے ہیں۔

پی ٹی آئی میں عوام جوق در جوق شمولیت اختیار کررہے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی ہی ہمارے مسائل حل کرسکتی ہے ۔پی ٹی آئی میں عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر شامل ہو رہا ہوں، ڈاکٹر نذیر احمدصدیقی ، شاہد طالب، آصف مجید، چوہدری جہانذیب ، مخدوم معاذنے بڑی تعداد میں کارکنوں کے ہمراہ رحیم یار خان پہنچنے پر اعجازاحمدچوہدری کا پرتباک استقبال کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات