اے این پی بنوں کا بلدیاتی انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 11 جون 2015 21:12

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) اے این پی بنوں کا بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ، 30مئی کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی نے دھاند لی کے ریکارڈ توڑ دیئے خیبر پختونخوا حکومت مستعفی ہونے اورصوبے میں غیر جانبدار نگران حکومت قائم کرنے کا مطالبہ عوامی نیشنل پارٹی بنوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کا ایک احتجاجی جلوس زیر قیادت ضلعی صدر عبدالصمد خان ضلعی دفتر سے نکالا گیا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا چوک بازار بنوں پہنچا جہاں پرمظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی بنوں کے ضلعی صدر عبد الصمد خان ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری شیر ولی خان باغی ،حاجی ولی آیاز خان ،عبدالمتین خان ،محمد رقیب خان اور سیکرٹر ی اطلاعات ارشد منڈان نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی بے قاعدگیوں اور دھاندلی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے کیونکہ 30مئی کے انتخابات کے روز خیبر پختونخوا حکومت نے جو نا قص انتظامات کئے تھے وہ قابل افسوس ہے جس کی وجہ سے بہت سی جانیں ضائع ہو گئی انتخابات میں خیبر پختونخوا حکومت نے اپنی پارٹی کو جتوانے کیلئے پولیس اور تمام سرکاری وسائل کا استعمال کیا اور پھر بعد میں قتل کے جھوٹے الزام میں اے این پی کے مرکزی رہنماء میاں افتخار حسین کو بھی پھنسانے کی کوشش کی مگر اس میں ناکام ہو گئی انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ہر لحاظ سے ناکام ہو چکی ہے لہذا خیبر پختونخوا حکومت فوری طور پر مستعفی ہو جائے اور صوبے میں غیر جانبدار نگران حکومت قائم کرکے نئے انتخابات کرائے جائیں اے این پی کی یہ احتجاجی تحریک صوبائی حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی ۔