پشاور ہائی کورٹ نے پی کے 95 میں دوبارہ انتخابات کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کردیا

پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدوار کا نوٹیفیکیشن جاری کرے ،نوٹیفیکیشن کے اجراء میں مزید تاخیر بلاجواز ہے، جماعت اسمبلی کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری کی پریس کانفرنس

جمعرات 11 جون 2015 21:36

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء ) پشاور ہائی کورٹ نے پی کے 95 میں دوبارہ انتخابات رکواکر الیکشن کمیشن کا حکم معطل کردیا۔ پی کے95کے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے اعزاز الملک افکاری نے انتخابات کالعدم قرارا دینے کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کر رکھی تھی۔ جمعرات کو پشاورہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد جندول ثمرباغ سے جماعت اسمبلی کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری نے المرکز الاسلامی پشاور میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل شبیراحمد خان اور نائب امیر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل بھی موجود تھے۔ا عزاز الملک افکاری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدوار کا نوٹیفیکیشن جاری کرے۔

(جاری ہے)

نوٹیفیکیشن کے اجراء میں مزید تاخیر بلاجواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 جون کو صوبائی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا جارہا ہے۔

اس اہم موقع کے پیش نظر الیکشن کمیشن جلد از جلد بغیر کسی تاخیر کے نتائج کا اعلان کرے۔انہوں نے کہا کہ 7 مئی کو ہمیں 20,000 ہزار سے زائدووٹ پڑے۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسرکی رپورٹ کے مطابق حلقہ پی کے95 کی حدود میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔پولنگ کے دوران انتظامیہ اور اور پولیس موجود رہی۔آرمی کے دستے گشت کرتے رہے ، وہاں پر کسی خاتون پر ووٹ پول نہ کرنے کے سلسلہ میں کسی قسم کا کوئی دباؤ تھا نہ ہی کسی نے خواتین کو ووٹ ڈالنے سے منع کیا ہے۔

1985 ء سے اب تک 9 بار الیکشن ہوئے لیکن دیر کی یہ روایات رہی ہیں کہ اس عرصہ میں کسی خاتون نے اپنا ووٹ پول نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے این جی اوز کے واویلا پر دبا ? میں آکر بے بنیا د اور بغیر کسی قانونی جواز کے میری کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انکا جلد از جلد نوٹیفیکیشن جاری کرے کیونکہ وہ خدمت کے جذبہ سے سرشار ہوکر اپنے حلقہ کے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔