لاپتہ کشمیریوں کے اہلخانہ کا پرتاپ پارک سرینگر میں خاموش احتجاجی دھرنا

لاپتہ افراد کے بارے میں معلومات کی فراہمی اور آزادانہ کمیشن کے قیام کا مطالبہ

جمعرات 11 جون 2015 21:46

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں دوران حراست گمشدہ کشمیریون کے والدین کی تنظیم اے پی ڈی پی نے اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات کی فراہمی اور اس سلسلے میں ایک آزاد کمیشن کے مطالبے کے حق میں پرتاپ پارک سرینگر میں خاموش احتجاجی دھرنا دیا ۔ احتجاجی دھرنے میں شرکت کیلئے بھارتی فوجیوں کے زیر حراست لاپتہ ہونے والے کشمیریوں کے والدین اور اہلخانہ وادی کے مختلف علاقوں سے صبح ہی پرتاپ پارک میں جمع ہو گئے ۔

مظاہرین میں شا مل عمر رسیدہ مرد و خواتین اور بچوں نے ہاتھوں میں اپنے گمشدہ رشتہ داروں کی تصاویر کے علاوہ پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لا پتہ افراد کی باز یابی کے حق میں نعرے درج تھے۔اس موقعہ پر گمشدہ افراد کے اقربا ء نے ایک بار پھر اپنے عزیزوں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ انصاف کے حصول کیلئے طویل جدوجہد کرنے کے با وجود ابھی تک انہیں انصاف نہیں مل سکا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے رشتہ داروں پر مشتمل سینکڑوں کنبے کسمپرسی کی زندگی گذار رہے ہیں اور انہیں آج بھی اپنے عزیزوں کے لوٹنے کی پوری امید ہے۔دھرنے کے شرکاء کا کہناتھا کہ بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کے بلند بانگ دعوؤں کے باوجود ابھی تک دوران حراست لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاگیا ہے اوروہ آج بھی اپنے لخت جگروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔

انہوں نے مقبوضہ علاقے میں گذشتہ25برس کے دوران لا پتہ کئے گئے تمام کشمیریوں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کیلئے ایک غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کا اپنا مطالبہ دوہرایا ۔اس موقعہ پراے پی ڈی پی کی رہنماء پروینہ آہنگر نے صحافیوں کو بتایا کہ تنظیم گذشتہ 25برس سے لاپتہ افراد کی طرف بھارتی حکومت کی توجہ مبذول کرانے کیلئے ہر ماہ احتجاجی دھرنادیتی ہے اور اس سلسلے میں ایک آزاد کمیشن کا قیام عمل میں لانے کا مطالبہ دوہراتی ہے ۔

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس اہم مسئلے کی طرف توجہ مبذول کرے اور ٹھوس اقدامات اٹھائے ۔انہوں نے کہاکہ ہم وہ متاثرین ہیں جن کے لخت جگروں کوبھارتی فوجیوں نے حراست کے دوران لاپتہ کردیا ہے اور ہم تب تک اپنے لاپتہ بچوں کو تلاش کرتے رہیں گے جب تک ہم زندہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس حساس معاملے پر کسی بھی طور خاموش نہیں رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :