گیڈر کی جب موت آتی ہے تو وہ شہر کی طرف بھاگتا ہے،بھا رتی ہٹ دھرمی کا منہ توڑ جواب دیں گے، عابد شیر علی

جمعرات 11 جون 2015 21:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ جب گیڈر کی موت آتی ہے تو وہ شہر کی طرف بھاگتا ہے‘ بھارت کو پاکستان میں ہونے والی 40 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہضم نہیں ہو رہی‘ بھارت صرف بیانات تک محدود ہے اگر عملی طور پر کچھ ہوا تو منہ توڑ جواب دینگے۔ جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دفاعی اور ایٹمی طاقت ہے اگر بھارت نے کسی قسم کی ہٹ دھرمی دکھانے کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکلیف بھارت کو سب سے زیادہ ہے اور ان کے اس مذموم ارادے کو خاک میں ملائیں گے۔ سندھ کی پولیس انتہائی گھٹیا ہے ایک وزیر کے کہنے پر واپڈا کے دس ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ سندھ پولیس سیاسی ہے۔ بجلی پر رعایت ختم کر دی گئی ہے جس کی وجہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔