یونین کونسل 86کے مکینوں کا چکری روڈ تا گرجا لنک روڈ کی تعمیر سے قبل سڑک کے دونوں اطراف نالہ تعمیرکرنے کامطالبہ

جمعرات 11 جون 2015 22:21

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء )حلقہ پی پی 6کی یونین کونسل 86کے مکینوں نے چکری روڈ تا گرجا لنک روڈ کی تعمیر سے قبل سڑک کے دونوں اطراف نالہ تعمیرکرنے کامطالبہ کردیا ۔ یونین کونسل 86کے علاقے ڈھو ک لکھن،ڈھوک لولیاں ، گرجا و ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے بتایا کہ چکری روڈ تا گرجا لنک روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں پہلے والی سڑک مکمل اکھاڑ دی گئی ہے جس کی وجہ سے پانی کی پائپ زیر زمین کیبل کو بھیء شدید نقصان پہنچا ،اس کے علاوہ اطراف میں بنی نالیاں ٹوٹنے سے گٹروں کا پانی ہر طرف بہنے لگا ہے ۔

مکینوں نے کہاکہ قبل ازیں یہ سڑک مین چکری روڈ سے گرجا لنک روڈ تک مکمل پختہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم ٹھیکیدار نے ملک شوکت پٹواری اور ملک ناصر ایڈووکیٹ کے گھر تک سڑک اکھاڑنے کے بعد چھوڑ دی ہے اور کہا ہے کہ یہ سڑک یہیں تک پختہ ہونی ہے،سڑک کی تعمیر سے قبل پانی کی نکاسی کے لیے نالہ بنایا جائے تاکہ اہلیان علاقہ کو سڑک کی پختگی کا فائدہ ہو سکے ۔

(جاری ہے)

اہالیان علاقہ نے کہا کہ سڑک اکھاڑے جانے سے کئی گھروں کے ٹیلی فون خاموش ہو گئے ہیں تاہم ٹھیکیدارنے افراتفری میں سڑک اکھاڑ دی ہے جس سے مکین سخت مشکلات کا شکار ہیں، ٹھیکیدار نے ایک ٹکڑا پختہ کیا ہے تاہم اس میں انتہائی ناقص میٹیریل استعمال کیا گیا جس پر باز پرس ہونی چاہیے ۔ اہالیان علاقہ نے خبردار کیا کہ اگر سڑک کے اطراف نالے کی تعمیر نہ کی گئی تو وہ بھرپور احتجاج کریں گے اور نالہ بنائے جانے تک سڑک کی تعمیر نہیں ہونے دی جائے گی۔