’’اخوت ڈریم‘‘ کے زیر اہتمام پی آئی سی میں زیر علاج دل کے عارضے میں مبتلا بچوں میں تحائف تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 11 جون 2015 22:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) ’’اخوت‘‘ کے پراجیکٹ ’’اخوت ڈریم‘‘ (Akhuwat Dream )کے زیر اہتمام پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے(عرفان بلاک) میں زیر علاج دل کے عارضے میں مبتلا بچوں میں تحائف تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔پروگرام کی مہمان خصوصی میک اے ڈریم کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عصمت لغاری تھیں جبکہ پروگرام کوآرڈینیٹر روبی دانیال ‘عظمیٰ بھٹی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب میں دل کے عارضے میں مبتلا بچوں نے مختلف پروگرام بھی پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے میک اے ڈریم کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عصمت لغاری نے کہا کہ ان کا ادارہ پی آئی سی سمیت پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں زیر علاج شدید نوعیت کی بیماری میں مبتلا بچوں سے ان کی خواہش پوچھ کر اسے پورا کرتا ہے اور پھر اس خوشی کے لمحات میں ان کے ساتھ وقت گزار کر ان کی خوشی کو دوبالا کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیمار بچوں کے ساتھ خوشی کے لمحات گزارنا بھی کسی ثواب سے کم نہیں۔انہوں نے کہاکہ اس سے بڑی نیکی اور کیا ہو سکتی ہے کہ ان بچوں کی دلجوئی کی جائے اور انہیں امید دلائی جائے کہ وہ نہ صرف تندرست ہو جائیں گے بلکہ معاشرے میں فعال کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ ’’اخوت ڈریم‘‘ (Akhuwat Dream )ان بچوں سے جو شدید نوعیت کے امراض میں مبتلا ہیں سے کوئی ایک خواہش پوچھتے ہیں اور پھر اس خواہش کو فوری طور پر پورا بھی کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :