نیب نے سندھ کے 64 محکموں اور ذیلی اداروں کو غیرقانونی ٹھیکے دینے اور دہشت گردی کی آڑ میں خلاف ضابطہ خریداری کرنے سے روک دیا

جمعرات 11 جون 2015 22:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) قومی احتساب بیورو(نیب) نے سندھ کے 64 محکموں اور ذیلی اداروں کو غیرقانونی ٹھیکے دینے اور دہشت گردی کی آڑ میں خلاف ضابطہ خریداری کرنے سے روک دیا ہے۔ نیب نے باضابطہ مراسلہ لکھ کر سندھ کے تمام اداروں کو خبردار کیا ہے کہ غیرقانونی کام بند کئے جائیں ورنہ کارروائی کی جائے گی۔سندھ کی موج مستیاں کرنے والے بیوروکریٹس پر شامت آنے لگی ہے۔

پہلے دو افسران گرفتار ہوئے پھر ایک اہم سیکرٹری کے خلاف مقدمہ اب نیب نے سندھ کے 64 محکموں اور ذیلی اداروں کو تحریری پیغام دے دیا ہے کہ غیرقانونی ٹینڈر جاری کرنا بند کئے جائیں۔نیب سندھ نے حکومت سندھ کو لکھا ہے کہ مئی اور جون 2015 کے درمیان مون سون کے سیزن میں گندے نالوں، دریا اور سیم نالوں کی صفائی کے نام پر غیرقانونی ٹھیکے جاری کرنے کی اطلاعات ہیں جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کی آڑ میں بھی غیرقانونی خریداری کی جا رہی ہے جو بند کئی جائے۔

(جاری ہے)

نیب نے تمام محکموں کو واضح کیا ہے کہ نیب کے پاس نیشنل اکاونٹیبلیٹی ایکٹ 1999 کے سیکشن 33کے تحت اختیارایات ہیں کہ وہ کسی بھی غیرقانونی ٹھیکے کی نیلامی کو روکے۔ اس لیے تمام محکمے قانون اور قوائد کے مطابق صاف و شفاف طریقے سے ٹینڈر جاری کریں۔نیب کی جانب سے تحریری انتباہ ملنے کے بعد کئی بیوروکریٹس شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ نیب نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، کراچی انتظامیہ، محکمہ آبپاشی، زراعت اور محکمہ داخلہ کو خاص طور پر مراسلے کی کاپیاں عملدرآمد کرنے کے لیے بھیجی ہیں۔

متعلقہ عنوان :