ویسٹ انڈیز میں آسٹریلوی کرکٹرز کو گالیاں سننا پڑ گئیں

جمعہ 12 جون 2015 12:10

ویسٹ انڈیز میں آسٹریلوی کرکٹرز کو گالیاں سننا پڑ گئیں

کنگسٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) ویسٹ انڈیز میں آسٹریلوی کرکٹرز کو گالیاں سننا پڑ گئیں،کنگسٹن میں مفت ٹکٹ کے متلاشی شائقین نے کینگروزکو گھیر لیا۔یہ واقع دوسرا ٹیسٹ شروع ہونے سے ایک روز قبل پیش آیا جب کھلاڑی نیٹس پریکٹس کے بعد ڈریسنگ روم سے ہوتے ہوئے باہر آرہے تھے، اسی دوران کچھ افراد اسٹیڈیم کے اندر چلے گئے اور کینگروز کو گھیرے میں لے کر ان سے گذشتہ روز شروع ہونے والے ٹیسٹ کے ٹکٹ مانگنے لگے۔

(جاری ہے)

جس پر شان مارش نے تنگ آکراپنے حصے کے اعزازی ٹکٹ کچھ افراد کو دیے تو انھوں نے پلیئرز کے سامنے ہی چھینا جھپٹی شروع کردی، کھلاڑی آگے بڑھے تویہ لوگ بھی ان کے ساتھ ہی چلنے لگے،وہ باربار شان مارش اور مچل مارش سے ہی مطالبہ کررہے تھے جبکہ وہ پہلے ہی اپنی ٹکٹیں بانٹ چکے تھے۔جب یہ بس میں سوار ہوئے تو ایک شخص ٹکٹیں نہ دینے پر بلند آواز میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کو گالیاں دینے لگا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے نام پر صرف 2 پولیس اہلکار اسٹیڈیم کے اندر موجود تھے جو اس گروہ کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔بعد ازاں کپتان مائیکل کلارک نے کہاکہ ہم واقعے سے پریشان نہیں بلکہ پوری توجہ کھیل پر مرکوز ہے۔