سعید اجمل میچ ونر باؤلر ہے ،مزید مواقع فراہم کئے جائیں ، عبدالقادر

جمعہ 12 جون 2015 12:22

سعید اجمل میچ ونر باؤلر ہے ،مزید مواقع فراہم کئے جائیں ، عبدالقادر

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) سابق لیجنڈ لیگ اسپنر عبدالقادر نے کہا ہے کہ سعید اجمل کو مزید مواقع فراہم کئے جائیں ان کی پاکستان کیلئے بہت خدمات ہیں ،اجمل میچ ونر باؤلر ہے ،سیاسی کشیدگی کا نزلہ پاک بھارت سیریز پر گرانے سے گریز کرنا دونوں ممالک کی کرکٹ کے مفاد میں ہوگا ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک انٹرویو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہاکہ پاکستانی فاسٹ بولرز کے مقابل زمبابوے کو بڑے اسکور بناتے دیکھ کر مایوسی ہوئی، سری لنکن ٹیم ہوم گراؤنڈز پر سخت حریف ہے، ہمیں کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی دکھانے کی تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ کنڈیشنز کے پیش نظر سعیداجمل کو نئے ایکشن کے ساتھ صلاحیتں آزمانے کا موقع دینا چاہیے تھا، پی سی بی میں کچھ لوگ میرٹ کے بجائے ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں، یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

ایک سوال پر عبدالقادر نے کہا کہ پاک بھارت مقابلے ایشز سے بھی زیادہ توجہ کا مرکز بنتے ہیں، دسمبر میں شیڈول سیریز کا انعقاد ضرور ہونا چاہیے، اگر کسی وجہ سے میچز پاکستان میں کرانا ممکن نہیں تو یواے ای میں بھی میزبانی کی جاسکتی ہے، حالیہ سیاسی کشیدگی کا نزلہ سیریز پر گرانے سے گریز کیا جائے تو دونوں ممالک کی کرکٹ کے مفاد میں ہوگا۔