جمیکا ٹیسٹ، آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز بنا لئے

جمعہ 12 جون 2015 12:33

جمیکا ٹیسٹ، آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے روز اپنی پہلی اننگز ..

کنگسٹن۔12جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز بنا لئے۔ سٹیون سمتھ نے شاندار سنچری سکور کی اور وہ 135 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ کپتان کلارک 47 اور ایڈم ووجز 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شین واٹسن 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ جیروم ٹیلر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

تفصیلات کے مطابق سبائنا پارک، کنگسٹن میں ویسٹ انڈیز کے کپتان دنیش رامدین نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے مڈل آرڈر بلے باز راجیندرا چندریکا کو ٹیسٹ کیپ دی۔ آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور اس کی پہلی دو وکٹیں 16 کے مجموعی سکور پر گر گئیں، ڈیوڈ وارنر صفر اور شان مارش 11 رنز بناکر جیروم ٹیلر کا شکار بن گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سٹیون سمتھ اور کپتان کلارک نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 118 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 134 تک پہنچا دیا، مائیکل کلارک بدقسمت رہے اور 47 رنز بنانے کے بعد جیسن ہولڈر کی گیند پر رامدین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سٹیون سمتھ نے ایک اینڈ سے رنز بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور ایڈم ووجز کے ساتھ مل کر سکور 210 تک پہنچا دیا، اس دوران انہوں نے کیریئر کی نویں سنچری مکمل کی۔

ایڈم ووجز چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 37 رنز بناکر جیروم ٹیلر کا شکار بنے۔ اس کے بعد سٹیون سمتھ اور شین واٹسن نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور کھیل کے اختتام تک ٹیم کا سکور 4 وکٹوں پر 258 تک پہنچا دیا۔ سٹیون سمتھ 135 اور شین واٹسن 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ جیروم ٹیلر نے تین اور جیسن ہولڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :