پاکستان نے بھارت کے جنگی جنون کے حوالے سے حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کردیا

وزیراعظم نواز شریف کا دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفیروں سے رابطوں کا فیصلہ

جمعہ 12 جون 2015 14:25

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء ) بھارت کے جنگی جنون کے حوالے سے پاکستان نے حکمت عملی وضع کرکے عملدرآمد شروع کردیا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفیروں سے رابطوں کا فیصلہ کرلیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان پر حملے کی جرات نہیں کرسکتا ، نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سے توجہ ہٹانے کیلئے یہ سب کچھ کررہا ہے ۔

جمعہ کونجی ٹی وی کے مطابق بھارت کے جنگی جنون کے حوالے سے پاکستان نے حکمت عملی وضع کرکے اس پر عملدرآمد بھی شروع کردیا ہے ۔ا س حوالے سے دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارتخانوں کو متحرک کردیا گیا ہے ۔ وزیراعظم نواز شریف نے دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفیروں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے بھی اس بات کی تصدیق کردی ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحاجہ عزائم سے دنیا کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ وزیراعظم نے سارک سفیروں سے رابطہ کرلیا ہے جبکہ دیگر مغربی ملکوں میں تعینات اہم سفیروں سے بھی جلد رابطہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پر حملے کی جرات نہیں کرسکتا ، بھارتی وزیراعظم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سے توجہ ہٹانے کیلئے یہ سب کچھ کررہا ہے ۔