سینیٹر رزینہ عالم خان سمر کیمپ کا افتتاح کریں گی

جمعہ 12 جون 2015 14:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) سینیٹر رزینہ عالم خان ، چیئرپرسن نیشنل کمشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ( آج)ہفتہ کو نظریہ پاکستان کونسل کے تحت، ایوانِ قائد فاطمہ جناح پارک میں طلبہ وطالبات کیلئے 5روزہ سمر کیمپ کا افتتاح کریں گی۔

(جاری ہے)

سمر کیمپ طالبعلموں کو گرمیوں کی تعطیلات کے دوران مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے جذبے سے تشکیل دیا گیا ہے جس میں ممتاز شخصیات بشمول فاروق قیصر، شمعون ہاشمی، ڈاکٹر آصف برق، محترمہ فرخندہ شمیم، شرکاء کو اعلیٰ شہری اوصاف، پاکستان کو درپیش مسائل کے حل میں طالبعلم برادری کی معاونت، تحریکِ پاکستان کے مقاصد، کتاب دوستی، حفظان صحت اور فکرِ اقبال کے حوالے سے اپنے خیالات اور تجربات سے آگاہ کریں گے۔

فکری نشوونما کے ساتھ ساتھ شرکاء کیلئے وِش یونیورسٹی کے تعاون سے صحت بخش تفریحات اور میجک شو کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔جبکہ انتظامات میں پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک کی معاونت بھی شامل ہے، سمر کیمپ کی اختتامی تقریب 17جون کو منعقد ہوگی جس کے مہمانِ خصوصی وزیر اعظم کے مشیر اور وزیر مملکت برائے کیبنٹ ظفر اللہ خان ہوں گے۔