جھنگ‘تاجروں ، شہریوں ، میڈیا کاواویلا بالآخر رنگ لے آیا

جمعہ 12 جون 2015 14:38

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء ):تاجروں ، شہریوں ، میڈیا کاواویلا بالآخر رنگ لے آیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ جھنگ نے شہر کی مصروف ترین شاہراہ تحصیل روڈ جھنگ صدر کی بجائے ذیل گھر فوارہ چوک شہید روڈ کے وسیع وعریض گراؤنڈ میں سستا رمضان بازار لگانے کا اعلان کردیا ہے تاہم شہریوں نے ذیل گھر میں فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگر شہروں کی طرح مستقل وزیر اعلیٰ پنجاب ماڈل بازار قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیاہے۔

ڈسٹرکٹ گورنمنٹ جھنگ کے ترجمان نے ایک ملاقات کے دوران بتایاکہ ذیل گھر فوارہ چوک شہید روڈجھنگ صدر میں لگائے جانیوالے سستے رمضان بازار کیلئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر بابر رحمن کو انچارج مقرر کیاگیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ شہریوں کی سہولت کیلئے نواز شریف پارک جھنگ سٹی میں لگائے جانیوالے سستے رمضان بازار کے انچارج سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور بشیرچوک سیٹلائٹ ٹاؤن جھنگ میں لگائے جانیوالے سستے رمضان بازار کے انچارج اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران عصمت ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تحصیل اٹھارہ ہزاری میں ایک،تحصیل شورکوٹ اور احمد پور سیال میں دو دو سستے رمضان بازار وں کے انچارج متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ سپیشل پرائس کنٹرولنگ مجسٹریٹس ضلع بھر کے سستے رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں چیک کرنے کیلئے باقاعدگی سے متحرک رہیں گے اور عوامی استحصال میں ملوث گرانفروشوں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کر کے اس مہم کے کامیاب نتائج عوام کو فراہم کرنے کے ذمہ دار ہوں گے ۔

انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کو معیاری اور خالص گوشت کی فراہمی کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر رمضان المبارک کے دوران صارفین کو معیاری اور سستے داموں کھانے پینے کی اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کیلئے ضلع بھر میں آٹھ رمضان بازار لگانے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ناجائز منافع خوروں ،ذخیرہ اندوزوں ،چور بازاری اور بے جا مہنگائی کے مرتکب عناصر سے سختی سے نمٹا جائیگا اورملاوٹ سے پاک اشیاء کی فراہمی کے مشن کو کامیاب بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔