الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تفصیلات جاری کر دیں

جمعہ 12 جون 2015 15:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تفصیلات جاری کر دیں، حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن 15جون کو جاری ہو گا، اسلام آباد میں غیر جماعتیں بنیادوں پر انتخابات کرائے جائیں گے، بلدیاتی انتخابات کیلئے 79یونین کونسلز بنائی گئی ہیں، ہر یونین کونسل 13 ارکان پر مشتمل ہو گی، ہر یونین کونسل میں چیئرمین اور ایک وائس چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔

جمعہ کوالیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تفصیلات جاری کر دیں۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن 15جون کو جاری ہو گا، اسلام آباد میں غیر جماعتیں بنیادوں پر انتخابات کرائے جائیں گے، اسلام آباد میں ایک میٹرو پولیٹین کارپوریشن اور بلدیاتی انتخابات کیلئے 79یونین کونسلز بنائی گئی ہیں، اسلام آباد میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد6 لاکھ 20 ہزار 165ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 3لاکھ 34ہزار 577ہے، جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 85ہزار 588ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق ہر یونین کونسل 13 ارکان پر مشتمل ہو گی، ہر یونین کونسل میں چیئرمین اور ایک وائس چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا، ہر یونین کونسل میں کونسلرز کی 6جنرل نشستیں مخصوص ہوں گی، خواتین کی 2، نوجوان، مزدور اور اقلیتوں کیلئے ایک ایک نشست ہو گی۔