غربت ،دہشت گردی سے جان چھڑانے کیلئے امن کا قیام لازم ہے ،ملک تباہ کرنیوالوں کیلئے کوئی نرم گوشہ نہیں، محمد نواز شریف

جمعہ 12 جون 2015 16:08

حب(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ غربت اور دہشت گردی سے جان چھڑانی ہے تو امن کا قیام لازم ہے ۔اس بات کی خوشی ہے کہ کراچی کا امن پہلے سے زیادہ بہتر ہوا ہے ۔ملک کا امن تباہ کرنے والوں کے لیے کوئی نرم گوشہ نہیں ہے ۔سانحہ صفورا کے تمام ملزمان کو پکڑا جاچکا ہے ۔ملزمان کو سالوں میں نہیں ہفتوں میں سزا ملنی چاہیے ۔

امن وامان قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔شمالی وزیرستان اب پرامن علاقہ بن چکا ہے ۔کچھ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ کچھ بھاگنے والے دہشت گردوں کا تعاقب جاری ہے ۔دہشت گردوں کو ہر حال میں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔دہشت گردی کے خلاف آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیگا ۔کراچی سے بھی دہشت گردوں کے مکمل صفایے تک آپریشن جاری رکھا جائیگا ۔

(جاری ہے)

2017تک پاکستان سے بجلی کی قلت ختم کردی جائے گی،قدرتی وسائل کے اعتبار سے تیل اور گیس ممتاز حیثیت رکھتے ہیں بلوچستان میں تیل صاف کرنے کے کارخانے کی تعمیر اہم کارنامہ ہے ۔، آج تیل ایک بنیادی ضرورت بن چکا ہے اور پاکستان میں تیل ریفائنری کی پیداوار 13.5ملین ٹن ہے۔

بائیکو آئل ریفائنری یومیہ ایک لاکھ 55ہزار بیرل تیل صاف کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

ریفائنری پر 80کروڑ ڈالر کی کی لاگت آئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بلوچستان کے صنعتی شہرحب میں ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری بائیکو کے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک ،وفاقی وزراء اسحاق ڈار،انجینئرخرم دستگیرخان، جام کمال اور اعلیٰ حکام بھی موجودتھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے غربت، جہالت اور بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے تو امن قائم کرنا ہوگا اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ امن قائم کیا جائے جس کے لئے ضروری ہے کہ مجرموں کو سالوں میں نہیں بلکہ ہفتوں میں سزا دی جائے اور زمانے کے بدترین دہشت گرد نرمی کے حقدار نہیں انہیں تیزی کے ساتھ کیفرکردار تک پہنچانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بھاگتے بھاگتے لوگوں پر گولیاں چلاتے ہیں جب کہ سانحہ صفورا گوٹھ بزدلی کی بدترین مثال ہے جس کے ملزمان پکڑے گئے ہیں اور امید ہے سانحے کے مجرموں کو جلد سزا ملے گی۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ بلوچستان کی طرح کراچی میں امن قائم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں، خوشی ہے کہ کراچی کا امن واپس لوٹ رہا ہے جب کہ شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن ایک ایک دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر خطے کے ممالک کے درمیان رابطے کا بہترین ذریعہ ہے،گوادر منصوبے سے بلوچستان دیگر صوبوں سے آگے نکل جائے گا اور منصوبے سے بلوچستان کی اقتصادی ترقی کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں تیل پیدا کرنے والے ملک مضبوط معیشت کے حامل ہیں ۔پاکستان مین تیل کی طلب پیداوار سے زیادہ ہے ۔حب آئل ریفائنری ایک کارنامہ ہے ،جس سے تیل کی پیداوار میں اضافہ ہوگا ۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بجلی کے کارخانے لگائے جارہے ہیں ۔جبکہ تھر میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔وزیراعظم نے نوید سناتے ہوئے کہا کہ 2017 تک پاکستان سے بجلی کی قلت ختم کردی جائے گی،قدرتی وسائل کے اعتبار سے تیل اور گیس ممتاز حیثیت رکھتے ہیں بلوچستان میں تیل صاف کرنے کے کارخانے کی تعمیر اہم کارنامہ ہے تاہم تیل اور گیس میں خودکفالت کی منزل حاصل کرنے میں وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے جو کہا ہے وہ کرکے دکھائیں گے اور بلوچستان میں شرپسندی کرنے والے عناصر کو جلد پکڑیں گے اورصوبے میں پائیدار امن قائم کیا جائے۔قبل ازیں وزیر اعظم میاں محمدنوازشریف جمعہ کی صبح کراچی پہنچے ،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم شاہ نے وزیر اعظم کاا ستقبال کیا بعدازاں وزیراعظم بائیکوریفائنری کے افتتاح کے لیے حب روانہ ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :