پاکستان توڑنے سے متعلق بھارتی کردار کا اقرار کرنے والے نریندر مودی بالاآخر پٹری پر آ ہی گئے

وزیراعظم نے نئی دہلی قیادت کو پاکستان مخالف بیانات دینے سے روک دیا،بھارتی میڈیا کا دعویٰ

جمعہ 12 جون 2015 16:21

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) پاکستان توڑنے سے متعلق بھارتی کردار کا اقرار کرنے والے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بالاآخر پٹری پر آ ہی گئے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے نئی دہلی قیادت کو پاکستان مخالف بیانات دینے سے روک دیا۔چند روز قبل بھارتی وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے دورے کے موقع پر یہ بیان دیا تھا کہ 1971میں پاکستان توڑنے کے لئے بھارت نے مکتی باہنی کی بھرپور مددکی تھی۔

اس بیان کے چند روزبعد بھارتی وزیر اطلاعات راجیہ وردھن سنگھ نے اپنے بیان میں کھلی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھاکہ بھارتی فوج کہیں بھی کاروائی کرسکتی ہے ۔بات یہیں ختم نہیں ہوئی تھی بلکہ دیگر بھارتی وزراء نے بھی تیز وتند بیانات دے کر پاکستان کیخلاف مسموم فضاپید ا کردی تھی ۔

(جاری ہے)

چند روز میں ہونیوالی ان تبدیلیوں کی کئی وجوہات دونوں ملکوں کے میڈیا میں گردش کرتی رہیں تاہم تجزیہ نگاروں نے اسے بھارت کی جانب سے جاری پراکسی وار کا تسلسل قرار دیا ۔

بین الاقومی تعلقات پر نظررکھنے والے ماہرین کا ماننا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہدری منصوبہ کے راستہ میں روڑے اٹکانا بھی ان بیانات کی اہم وجہ ہوسکتا ہے ۔مذکورہ حالات میں پاکستان نے سفارتی محاذ کو فعال کرکے بھارتی پروپیگنڈہ کا جواب دیا تھا جس کے بعد بھارتی میڈیا کی نئی رپورٹس میں کہا گیاہے کہ مودی نے وزراء کو چپ رہنے کا کہہ دیا ہے ۔بھارتی وزیراعظم نے بھارتیہ جنتاپارٹی کے وزراء سے کہا ہے کہ وہ پاکستان مخالف بیانات دینے سے احتراز کریں۔

متعلقہ عنوان :