بھارت پاک چائنہ اقتصادی راہداری سے خائف ہو کر ہتھکنڈوں کے ذریعے توجہ اپنی طرف کر کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے‘ ہندوستان کبھی بھی پاکستان پر جارحیت کی ہمت نہیں کر سکتا صرف بیان بازی سے مرغوب کرنے کی کوشش کر رہا ہے‘آرمی چیف نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوجی زبان میں بھارت کو سمجھا دیا ہے

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر اور قائد حزب اختلاف راجہ فاروق حیدر کی سنٹرل پریس کلب میں پریس کانفرنس

جمعہ 12 جون 2015 16:26

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر اور قائد حزب اختلاف راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت پاک چائنہ اقتصادی راہداری سے خائف ہو کر ہتھکنڈوں کے ذریعے توجہ اپنی طرف کر کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ ہندوستان کبھی بھی پاکستان پر جارحیت کی ہمت نہیں کر سکتا۔ صرف بیان بازی سے مرغوب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

سنٹرل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نے اپنے دورہ بنگلہ دیش کے دوران اقرار جرم کیا جبکہ بھارتی قیادت اس کی نفی کرتی اا رہی ہے۔ یہ اقرار جرم ایسے موقع پر کیا کہ جب پاک چائنہ دوستی کے نئے سفر کا آغاز ہوا ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ بھارت کو برداشت نہیں ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر اعظم کے جواب میں میاں نواز شریف نے تدبر ، حوصلے، ہمت، اور قائدانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کو اہمیت نہیں دی۔

ہر شخص یہ جانتا ہے کہ بھارت اب پاکستان پر جارحیت نہیں کر سکتا۔ وہ صرف خوابوں میں زندہ رہنے کے لئے ایسا کر رہا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوجی زبان میں بھارت کو سمجھا دیا ہے۔ بھارت پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف سازشون میں مصروف ہے۔ کہ اشتعال انگیز ی کر کے پاکستان کو یہ کہنے پر اکسائے کہ ہم ایٹم بم کا استعمال کریں گے۔ جبکہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام اپنے دفاع کے لئے ہے۔ کسی پر جارحیت کے لئے نہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب پاکستان کی عوام مسلسل نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔