اسلام آباد ، کانونٹ سکول کے معصوم طالبعلم کے ساتھ بدفعلی

درندہ صفت ملزم وحید مسیح نے سکول کے واش روم میں معصوم حذیفہ کو دبوچ کر زبردستی درندگی کا نشانہ بنایا ،سکول انتظامیہ نے وقوعہ کو میڈیا کی آنکھ سے بچانے کیلئے ایف آئی آر کو 4روز تک خفیہ رکھا ، طالبعلم کے والد کی در خواست پر ملزم گرفتا ر

جمعہ 12 جون 2015 16:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف ایٹ فور میں واقع مشنری اسلام آباد کانونٹ سکول کے معصوم چھ سالہ پہلی جماعت کے طالبعلم حذیفہ عباس کے ساتھ بدفعلی کے گھناؤنے اورانتہائی شرمناک واقعہ نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ماتھے پر ایک اور بدنما داغ لگا دیا ہے، سکول انتظامیہ نے وقوعہ کو میڈیا کی آنکھ سے بچانے کیلئے ایف آئی آر کو 4روز تک دبائے رکھا ، درندہ صفت ملزم وحید مسیح نے سکول کے واش روم میں معصوم حذیفہ کو دبوچ کر زبردستی درندگی کا نشانہ بنایا ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مشنری اسلام آباد کانونٹ سکول کے ملازم وحید مسیح نے پہلی جماعت کے چھ سالہ معصوم طالبعلم حذیفہ عباس کو واش روم میں بند کرکے اس کے ساتھ زبردستی بدفعلی جیسا شرمناک اور مکروہ فعل کیا اور اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا تھانہ مارگلہ پولیس نے چھ سالہ معصوم طالبعلم حذیفہ عباس کے والد غلام عباس کی تحریری درخواست پر درندہ صفت وحید مسیح کیخلاف مقدمہ نمبر 370 درج کرکے گرفتار کرلیا ہے اور مقامی عدالت سے اس کا 13جون تک جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے یہاں پر یہ امر قابل ذکر ہے کہ سکول کی پرنسپل نے اس گھناؤنے جرم کو چار روز تک چھپائے رکھا اور اس واقعہ کی پولیس کو اطلاع تک نہ دی یہ اندوہناک اور شرمناک واقعہ چار جون کو دوپہر کو پیش آیا لیکن سکول انتظامیہ نے پولیس کو چار روز بعد 8 جون کو اطلاع دی اور پولیس نے مزید ایک روز بعد کی تاخیر سے 9جون کو مقدمے کااندراج کرکے میڈیا سے ایف آئی آرکو چھپالیا ۔

(جاری ہے)

کانونٹ سکول میں زیر تعلیم بچوں اور ان کے والدین میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ہے اور انہوں نے اس شرمناک واقع میں ملوث ملزمان کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کرتے سکول کی پرنسپل کی فوری گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا ہے جس نے سکول کی انتظامی سربراہ ہوتے ہوئے چار روز تک اس سنگین جرم کو چھپا کر اور بدفعلی کے ثبوتوں کو مٹانے کی سازش کی ہے ۔ مذہبی حلقوں نے کانونٹ سکول میں پیش آنے والے اس شرمناک واقع کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزم کو عبرت کا نشان بنانے او سکول کی پرنسپل کوجرم چھپانے کی پاداش میں فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :