دہشت گردوں کو برسوں یا مہینوں میں نہیں ہفتوں میں سزا دی جائے،نواز شریف

جمعہ 12 جون 2015 16:47

حب(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی میں پکڑے جانے والے مجرموں کو برسوں یا مہینوں میں نہیں بلکہ ہفتوں میں سزا دی جائے،ملک میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں،آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا ،کراچی اور بلوچستان کے حالات ماضی کی نسبت بہت بہتر ہیں،خوشحال پاکستان کیلئے امن ضروری ہے ،عوام سے جوعدے کئے ہیں پورے کر کے دکھائیں گے۔

جمعہ کے روز وزیر اعظم نواز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی ائیر پورٹ پہنچے جہاں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے استقبال کیا بعد ازاں وزیر اعظم نے لسبیلہ بلوچستان میں نجی آئل ریفائنری کا افتتاح کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تیل اور گیس پیدا کرنے والے ممالک کی معیشت مضبوط ہے،حکومت تیل کی تلاش کیلئے تمام تر اقدامات کررہی ہے،کسی بھی ملک کی مضبوط معیشت کیلئے تیل اور گیس سب سے اہم ہے ،ملک میں22 ملین ٹن تیل استعمال ہو رہا ہے ،یہ بات اطمینان بخش ہے کہ پاکستان صنعتی میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان میں مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے،بلوچستان کی ترقی کیلئے ذاتی طور پر خود دلچسپی لے رہا ہوں ،

انہوں نے کہا کہ ملک کی خوشحالی کیلئے امن ضروری ہے ،اقتدار سنبھالا تو کراچی ،فاٹا اور بلوچستان کے حالات بہت خراب تھے، کراچی ٹارگٹڈ آپریشن سے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں،کراچی میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، خوشی ہے شمالی وزیرستان میں امن قائم ہوا ہے، وہاں کے حالات ماضی کی نسبت بہت اچھے ہیں،وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے 16 مزدوروں کو رات کے اندھرے میں شہید کر دیا گیا ہے،واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور جو بھاگ گئے ہیں ان کو پکڑنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ سانحہ صفورا کے ملزم پکڑ لئے ہیں، امید ہے عدالتیں جلد سزائیں دے گی ،وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث مجرمان کو برسوں یا مہنوں میں نہیں ہفتو ں میں سزا ملنی چاہیے،سانحہ صفورا ایک بزدلی کا ثبوت ہے،دہشت گردی کسی نرمی کے حقدار نہیں انہیں جلد سزا ملنی چاہیے،ملک کا امن تباہ کرنے والوں کے لئے کوئی نرم گوشہ نہیں ہے،رات کے اندھیرے میں حملے کرنے والے کیفرکردار تک ضرور پہنچیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، غربت کے خاتمے اور خوشحالی کیلئے امن ناگزیر ہے، غرب اور دہشت گردی سے جان چھڑانی ہے تو ملک میں امن لازمی جز ہے،امن خراب کرنے والوں کو ہر حال میں کیفرکردار تک پہنچائیں گے،انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے دشمن کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور دہشت گرد بھا بھاگتے بھاگتے لوگوں پر گولیاں چلاتے ہیں ،وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی بحران کے خاتمے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، تھر میں کوئلے سے 2 بجلی کے کارخانے لگیں گے،2017 کے آخر تک بجلی کی قلت دور ہو جائے گی ،وزیر اعظم نے کہا کہ قوم سے وعدے کئے ہیں وہ پورا کریں گے اور جو کہا ہے وہ کر کے دکھائیں گے ۔