ملک کی خوشحالی کے لئے امن لازمی ،دہشتگردوں کو برسوں ،مہینوں نہیں ہفتوں میں سزا دی جائیگی،نوازشریف

جمعہ 12 جون 2015 16:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء)وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی میں پکڑے جانے والے مجرموں کو برسوں یا مہینوں میں نہیں بلکہ ہفتوں میں سزا دی جائے گی ملک میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ملک کی خوشحالی کے لیے امن لازمی ہے پاکستان کو خود کفالت کی منزل حاصل کرنے میں وقت لگے گا،کراچی میں جاری آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا،تھر میں 650میگاوواٹ بجلی پیدا کرنے کے 2کارخانے لگیں گے،2017ء کے آخر تک ملک سے بجلی کی قلت ختم ہوجائے گی،گوادر خطے کے ممالک کے درمیان رابطے کا بہترین ذریعہ ہے،گوادر کو وسط ایشیائی ممالک سے ملانے کے لئے گوادر سے کوئٹہ سڑک تعمیر کی جارہی ہے وہ گزشتہ روز حب میں آئل ریفائنری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرہے تھے ۔

وزیراعظم نوازشریف ایک روزہ دورے پر جمعے کو کراچی پہنچے جہاں انہوں نے کراچی سے متصل بلوچستان کے شہرحب میں آئل ریفائنری کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوازشریف اپنے ایک روزہ دورے پرکراچی پہنچے تو گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیراعلی سید قائم علی شاہ نے ان کا استقبال کیا جہاں سے انہوں نے حب پہنچ کر آئل ریفائنری کا افتتاح کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی وزیرثنااللہ زہری اور دیگر بھی شریک تھے ۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ قدرتی وسائل کے اعتبار سے تیل اور گیس ممتاز حیثیت رکھتے ہیں آج تیل ایک بنیادی ضرورت بن چکاہے ،تیل پیدا کرنے والے ملک بہتر معیشتوں میں شامل ہیں، بلوچستان میں آئل ریفائنری کی تعمیر اہم کارنامہ ہے ملک کوتیل اور گیس میں خودکفالت کی منزل حاصل کرنے میں وقت لگے گا ،

ملک میں 22 ملین ٹن تیل استعمال ہورہا ہے آئل ریفائنریز پر 750ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جبکہ توانائی کے بحران کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں بجلی کے کارخانے لگائے جارہے ہیں جس کے تحت تھر میں650میگاوواٹ بجلی پیداکرنے کے لیے2کارخانے لگائے جائے گے جس سے انشاء اللہ 2017 کے آخر تک بجلی کی قلت ختم ہوجائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ ملک تیزی سے ترقی کی منزل کی طرف جارہا ہے ہماری معاشی ترقی کو بین الاقوامی ایجنسیاں بھی تسلیم کررہی ہیں ، معاشی ترقی کے لیے امن بے حد ضروری ہے ملک میں امن قائم کرنا حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے موجودہ حکومت بھی قیام امن کے لیے اقدامات کررہی ہے ضرب عضب سے وزیرستان بھی پرامن علاقہ بن چکاہے جبکہ آئی ڈی پیرز کے پہلے قافلے کو واپس گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے،جبکہ کراچی میں جاری آپریشن کے باعث کراچی میں امن کی صورتحال پہلے کے مقابلے بہتر ہورہی ہے،کراچی میں جاری آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا سانحہ صفورا میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اب امید ہے کہ عدالت ان کو جلد سزا دے گی۔

رات کے اندھیرے میں حملے کرنیوالے کیفرکردارتک ضرورپہنچیں گے،حالات بہتر ہورہے ہیں،تمام دہشت گرد پکڑے جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ آئل ریفائنری کے منصوبے سے بلوچستان کی اقتصادی ترقی کیساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے،گوادر خطے کے ممالک کے درمیان رابطے کا بہترین ذریعہ ہے۔