بھارتی خفیہ ایجنسیاں کشمیریوں کی پرامن تحریک آزادی کو دہشت گردی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں،سید علی گیلانی

جمعہ 12 جون 2015 17:27

سرینگر ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسیاں کشمیریوں کی پرامن تحریک آزادی کو دہشت گردی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سوپور کے رہائشیوں کو پوسٹروں کے ذریعے دی جانے والی دھمکیوں پر شدید تشویش ظاہر کی ۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے کہا کہ سوپور قصبہ تحریک آزادی کا ہمیشہ سے گڑھ رہا ہے لہذا بھارتی ایجنساں اس گڑھ کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ بزرگ رہنما نے کہا کہ ڈوگرہ کے خلاف جد وجہد ہو یا پھر موجودہ تحریک آزادی، سوپور کے عوام ہمیشہ صف اول میں رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوپور آزادی پسندوں کے لیے ہمیشہ باعث تقلید رہا ہے۔سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی ایجنسیاں کشمیریوں کو جعلی تنظیموں کے ذریعے خوف زدہ کر کے یہاں انارکی پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے موبائل فون کمپنیوں کے دفاتر پر حملوں کی بھی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کے قتل میں بھارتی ایجنسیاں ملوث ہیں۔