زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں 5بلین روپے کی لاگت سے 20میگا پراجیکٹس مکمل‘32منصوبہ جات پر کام اس سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا‘ ڈائریکٹر جنرل ایرا

جمعہ 12 جون 2015 18:03

اسلام آباد ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) ایرا نے مظفر آباد کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں 5بلین روپے کی لاگت سے 20میگا پراجیکٹس مکمل کر لیے ہیں جبکہ 32منصوبہ جات پر کام اس سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار مظفر آباد شہری ترقیاتی پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل ظفر حسین واہلہ نے مظفر آباد کے دورے پر آئے ہوئے صحافیوں کے ایک وفد سے بات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تعداد نہیں بلکہ یہ منصوبوں کی دائرہ کار ور مطابقت ہے جو انکواہمیت فراہم کرتا ہے ۔ مالیاتی پیش رفت کے حوالے سے شہر میں جاری منصوبہ جات کے متعلق انہوں نے بتا یا کہ اب تک شہری ترقیاتی پروگرام کے تحت 18.5بلین روپے مختص کیے جا چکے ہیں جن میں سے 12بلین روپے مظفر آبا د شہر میں 8اکتوبر 2005کے زلزلے میں تباہ ہونے والی عمارتوں کی تعمیر نو میں صرف کیے جا چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

مظفر آباد شہر میں فراہمی آب و نکاسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فراہمی آب و نکاسی کے منصوبہ جات کو شہر میں سب سے زیادہ پزیرائی حاصل ہو ئی ہے ان منصوبہ جات کو جدید تقاضوں کے عین مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہر میں 50ہزار سے لے کر 2لاکھ گیلن گنجائش کے 34واٹر ٹینک تعمیر کیے گئے ہیں تا کہ ریاستی دارالحکومت کے ہر گھر تک صاف پانی مہیا کیا جا سکے ۔

200کلومیٹر طویل پرانی پائپ لائن کوضروری مرمت کے بعد نئی پائپ لائن سے مربوط کیا گیا ہے جس کی بدولت اگلے 35سال تک شہر کی بڑھتی ہوئی پانی کی ضرورت پوری کی جاسکے گی۔زلزے میں تباہ ہونے والی سڑکوں اور عمارتوں کے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مظفر آباد کے شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے زلزلے سے مزاحم 14عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں جن میں شاپنگ پلازہ، شاپنگ کمپلیکس، مٹن اینڈ فش مارکیٹ،طارق آباد بائی پاس روڈ، کالج روڈ اور 132KVAکا گرڈ سٹیشن قابل ذکر ہیں انہوں نے مزید کہا کہ مظفر آباد اور اس کے گرد نواح کی عوام نلوچھی پل کی صورت میں ایک شاندار منصوبے سے فیض یاب ہو رہے ہیں جبکہ جلال آباد پل کی تعمیر کے بعد شہر میں ٹریفک کے بہاؤ میں مزید بہتری آئی ہے۔

ہاؤسنگ پراجیکٹ کے متعلق بات کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں آباد ی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے لنگر پورہ اور تھوٹہ میں2000کنال کے رقبے پر دو نئے سیٹلائٹ ٹاؤن تعمیر کیے گئے ہیں ۔شہریوں کو تفریحی سہولیات مہیا کرنے کیلئے شہر میں پرانے تین پارکس کی تزین و آرائش کے ساتھ ساتھ دو نئے پارکس بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔صحافیوں کو CMHمظفر آباد کے متعلق بھی بتایا گیا کہ یہ ہسپتال جس کا نام شیخ خلیفہ بن النہیان رکھا گیا ہے جدید تعمیر کا ایک شاہکار ہے جس میں انتہائی جدید لیبارٹریاں اور آپریشن تھیٹر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مظفر آباد شہر کی آبادی کیلئے شہر میں پرائمری سکولوں سے لے کر یونیورسٹیوں تک موجود ہیں جو جدید اور معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہیں۔ظفر واہلہ نے کہا کہ تعمیر و ترقی کی تمام تر توجہ مظفر آباد شہر کی آبادی کے عام شہری کے معیار زند گی کو بہتر سے بہتر بنانا ہے نلوچھی پل، بینک روڈ پلازہ، آفیسرز کلب اور سینٹرل لائبریری جیسے منصوبے شہریوں کے معیار زند گی میں تبدیلی لا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :