چین کے 14رکنی وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ، اقتصادی راہداری منصوبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے امکانات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

راہداری منصوبے کے تحت دونوں ممالک کی تاجر برادری کیلئے کاروبار اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے،تاجر برادری تاریخی منصوبے سے استفاد ے کیلئے پوری طرح تیار ہو جائے، شغر ایڈمنسٹریشن کے ڈپٹی کمیشنر چن زیجیانگ کا تاجروں سے خطاب

جمعہ 12 جون 2015 18:18

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء ) چین کے شہر کاشغر کے 14رکنی وفد نے کاشغر ایڈمنسٹریشن کے ڈپٹی کمیشنر چن زیجیانگ کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کے تحت دونوں ممالک کے درمیان کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں کاشغر ایڈمنسٹریشن، کاشغر چیمبر آف کامرس، کاشغر خارجہ امور، کاشغر ٹریڈ بیورو، کاشغر اکنامک زون، کاشغر ٹریڈ اینڈ لاجسٹک ایسوسی ایشن اور گوانگزو نیو سٹی کے نمائندگان شامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کاشغر ایڈمنسٹریشن کے ڈپٹی کمیشنر چن زیجیانگ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے نے پاکستان اور چین کے درمیان طویل المدت پارٹنرشپ کی بنیاد رکھ دی ہے اور اس منصوبے کے تحت دونوں ممالک کی تاجر برادری کیلئے کاروبار اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 3ہزار کلو میٹر طویل اقتصادی راہداری منصوبہ سڑکوں اور ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے گوادر اور کاشغر کو آپس میں ملائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کاروبار شروع کرنے کی نئی راہیں کھولے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری اس تاریخی منصوبے سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہو جائے اور اس منصوبے کے تحت کاروبار کو وسعت دینے کے سنہری مواقعوں کو کسی صورت ضائع نہ ہونے دے۔انہوں نے پاکستانی تاجربرادری کیلئے کاشغر شہر میں پائے جانے والے سرمایہ کاری مواقعوں کے بارے میں شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت کاشغر میں الیکٹرانکس، مینوفیکچرنگ، ٹیکسٹائل، لاجسٹک، فنانشل، کلچرل و سیاحت کی صنعتوں سمیت متعدد شعبوں کیلئے صنعتی زون قائم کئے جائیں گے لہذا پاکستان کے سرمایہ کار ان مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں۔اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے چین کے وفد کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے سرمایہ کاری مواقعوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب بحالی کی طرف گامزن ہے اور یہی مناسب وقت ہے کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان میں توانائی ، انفراسٹریکچر کی ترقی اور قدری وسائل کی تلاش سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان میں پیداواری یونٹس لگا کر خطے کے ممالک کو اپنی برآمدات بہتر طور پر فروغ دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کیلئے پائیدار کاروباری شراکتیں قائم کرنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کرے گا اور اس امیدکا اظہار کیا کہ اس راہداری منصوبہ پر عمل درآمد سے پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کے تحت دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان سرمایہ کاری اور جائنٹ وینچرز قائم کرنے کے مواقع تلاش کرنے میں بھرپور تعاون کرے گا۔