فتح اللہ ٹیسٹ بارش کے باعث تیسرے دن کا کھیل بھی مکمل نہیں ہوسکا

کھیل کے اختتام پر بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف چھ وکٹوں کے نقصان پر 462 رنز بنا لیے بھارت کی جانب شیکھر دھون نے 23 چوکوں کی مدد سے 173 جبکہ مرلی وجے نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 150 رنز بنائے بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے چار اور جبیر حسین نے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا

جمعہ 12 جون 2015 20:21

فتح اللہ ٹیسٹ بارش کے باعث تیسرے دن کا کھیل بھی مکمل نہیں ہوسکا

فتح اللہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) فتح اللہ میں کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف چھ وکٹوں کے نقصان پر 462 رنز بنا لیے ہیں۔ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن چائے کے وقفے کے بعد بارش کی وجہ سے میچ کو روک دیا گیا۔اس سے پہلے بارش کی وجہ سے دوسرے دن کا کھیل شروع نہیں ہو سکا تھا۔بھارت کی جانب سے شیکھر دھون اور مرلی وجے نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے پہلی وکٹ کی شراکت میں 283 رنز بنائے۔بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 283 رنز کے مجموعی سکور شیکھر دھون 173 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔بھارت کی دوسری وکٹ 291 رنز پر اس وقت گری جب روہت شرما صرف چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب شیکھر دھون نے 23 چوکوں کی مدد سے 173 جبکہ مرلی وجے نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 150 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے چار اور جبیر حسین نے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔بدھ کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔اس ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کی قیادت وراٹ کوہلی کر رہے ہیں جبکہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پہلی جیت کا عزم ظاہر کیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت پانچ سال بعد بنگلہ دیش میں میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیل رہا ہے۔

اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے سات میچوں میں چھ میں بنگلہ دیش کو شکست ہوئی ہے، جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔اس سے پہلے بنگلہ دیش کے دورے کے موقعے پر بھارت نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 113 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹوں سے شکست دی تھی۔