زیر زمین پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے محکمہ آبپاشی میں گراوٴنڈ واٹر مینجمنٹ یونٹ قائم کر دیا گیا ہے‘ سیکرٹری آبپاشی پنجاب

جمعہ 12 جون 2015 21:32

گوجرانوالہ۔12 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) سیکرٹری آبپاشی پنجاب کیپٹن (ر) سیف انجم نے کہا ہے کہ زیر زمین پانی کے ضیاع کو روکنے اور اس کے زرعی استعمال میں کمی لانے کے لئے محکمہ آبپاشی میں گراوٴنڈ واٹر مینجمنٹ یونٹ قائم کر دیا گیا ہے جو صوبہ بھر کے گراوٴنڈ واٹر کو مانیٹر کریگا تاکہ قدرت کے اس انمول عطیے کی مربوط بنیادوں پر حفاظت ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ زیر زمین پانی ہمارے پاس میٹھے پانی کا دوسرا بڑا ذخیرہ ہے جس میں تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے ایریگیشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں گراوٴنڈ واٹر مینجمنٹ کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار میں ممبر( انفراسٹرکچر) پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر محمد عابد بودلہ ، سابق سیکرٹری آبپاشی منسوب علی زیدی ، وائس چانسلر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد رائے ، چیف انجینئر (ریسرچ) وقار حسین وڑائچ ، چیف انجینئر (پلاننگ) ملک محمد طارق، جنرل مینجر پیڈا چوہدری خاور نذیر ، سیکرٹری پیڈا افضل انجم طور ، ایڈیشنل سیکرٹری (آپریشن) چوہدری محمد اشرف ، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) سعید الحسن ہاشمی، معروف قانون دان ڈاکٹر دل محمد ملک اور ڈائریکٹر ( فزکس) غلام ذاکر حسن سیال کے علاوہ محکمہ آبپاشی ، پیڈا ، واپڈا اور انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری آبپاشی سیف انجم نے کہا کہ کرہ ارض پر انسانی بقاء کے لئے پانی کی موجودگی کو کلیدی حیثیت حاصل ہے جبکہ زمین پر زرعی سرگرمیوں کا سارا دارومدار بھی پانی پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کا نظام آبپاشی دنیا کا بہترین نظام ہونے کے باوجود پاکستان کے قابل کاشت رقبے کی آبی ضروریات پوری کرنے کے لئے ناکافی ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی سرگرمیوں کے لئے درکار نہری پانی نہ مل سکنے کے باعث 40 سے 50 فیصد زراعت میں گراوٴنڈ واٹر استعمال ہو رہا ہے اور اب تک صوبہ پنجاب میں تقریباً دس لاکھ ٹیوب ویل کھیتوں کو پانی مہیا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زیر زمین پانی زرعی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ گھریلواور صنعتی مقاصد کے لئے بھی وسیع پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام حالات کے پیش نظر ایریگیشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں گراوٴنڈ واٹر مینجمنٹ قائم کر دیا گیا ہے تا کہ زیر زمین پانی کی حفاظت اور اس کی کوالٹی برقرار رکھنے کے لئے جامع حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :