جنوبی کوریا میں میرس وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے دو ہسپتال بند

جمعہ 12 جون 2015 21:34

سیئول ۔ 12 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) جنوبی کوریا میں سانس کی بیماری (مرس) کے وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے دو ہسپتالوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ جمعہ کو ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں مرس وائرس سے ہونے والی بیماری مڈل ایسٹ ریسپیریٹری سنڈ روم 3 ہفتے قبل اس وقت پھیلنا شروع ہوئی جب مشرق وسطیٰ سے آنے والے کاروباری اور کورین تاجر میں وائرس کی موجودگی کی تشخیص ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

3 ہفتوں کے دوران اس بیماری میں 126 افراد مبتلا ہوئے جبکہ وائرس مرس کی بیماری سے 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام نے بتایاکہ مشرق وسطیٰ سے مرس وائرس لے کر آنے والے تاجر نے کئی ہسپتالوں سے علاج کروایا جہاں کا عملہ اور مریض بھی مرس وائرس سے ہونے والی بیماری میں مبتلا ہوئے۔ حکام نے اب حفظ ماتقدم کے طور پر دو ہسپتالوں کو عملہ اور مریضوں سمیت 11 روز کیلئے مکمل طور پر سربمہر کر کے بند کر دیا ہے اور ان دونوں ہسپتالوں کو وائرس کے مکمل طور پر فعال ہو کر ختم ہونے کے عرصہ یعنی 11 روز تک بند رکھا جائے گا۔