زاہدان سے کوئٹہ کیلئے 24 بوگیوں پرمشتمل اسپیشل مال بردارٹرین 13 جون کوروانہ ہوگی ، کوئٹہ سے تجارتی سامان 1300 روپے فی ٹن زاہدان پہنچایاجارہاہے ،ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کوئٹہ فیض محمد بگٹی کی ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء “ سے گفتگو

جمعہ 12 جون 2015 22:01

کوئٹہ۔12 جون(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کوئٹہ فیض محمد بگٹی نے کہاہے کہ کوئٹہ سے زاہدان کیلئے مال بردارٹرین کی بحالی سے نہ صرف پاکستان اورایران کے مابین تجارتی حجم بڑھے گا بلکہ دونوں بردارہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوگئے ۔جمعہ کو ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء “ سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے نے کہاکہ وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان کے تاجروں کوریلیف کی فراہمی کیلئے پہلے مرحلے میں کوئٹہ سے زاہدان کیلئے 24 بوگیوں پرمشتمل اسپیشل مال بردارٹرین کاآغاز ہوچکاہے اس ٹرین میں تمام تجارتی سامان کسٹم سے کلیئرہونے کے بعد 1300 روپے فی ٹن کرایہ کے حساب سے ایران کے شہرزہدان پہنچایاجارہاہے ۔

(جاری ہے)

ڈی ایس ریلوے نے کہاکہ 9 جون کو کوئٹہ سے روانہ ہونے والی مال بردارٹرین ایران پہنچنے کے بعد زہدان سے واپس کوئٹہ کیلئے 13 جون کوروانہ ہوگی جوکہ 15 کوجون کوئٹہ پہنچئے گی ۔ایک سوال کے جواب میں فیض محمد بگٹی نے بتایاکہ پہلے مرحلے میں اسپیشل ٹرین ایران کے شہرزاہدان تک چلائی جارہی ہے جس سے تاجربرادری اورریلوے دونوں کو فوائد حاصل ہونگے جبکہ ضرورت کے تحت ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ بھی کیاجاسکتاہے ۔

انہوں نے کہاکہ سبی ہرنائی سیکشن کی بحالی اوربوستان ژوب سیکشن پرریلوے ٹریک بچھانے کے حوالے سے شفارشات مرتب کرکے ریلوے ہیڈآفس لاہوربھیجوادی گئی ہیں۔ٹرینوں کی سیکورٹی کے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کوئٹہ فیض محمد بگٹی نے بتایاکہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظرکوئٹہ سے اندرون ملک جانے والے ٹرینوں کو جیکب آباد تک دن کی روشنی میں روانہ کیاجارہاہے ۔