حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، آج ملک کا میڈیا جس قدر آزاد ہے اس کی مثال نہیں ملتی‘ گورنر پنجاب

جمعہ 12 جون 2015 22:25

لاہور اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور آج ملک کا میڈیا جس قدر آزاد ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کی مثبت تنقید پر نہ صرف یقین رکھتی بلکہ اس پر اعتماد بھی کرتی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر رانا محمد شمیم سے ملاقات کے دوران کہی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہونے کے باعث ملک کو درپیش مسائل کی نشاندہی کوموثر طریقے سے اجاگر کرنے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافت کے شعبے سے وابستہ افراد کی فلاح و بہود کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام تر مشکلات کے باوجود عوام کی معاشی حالت کو بہتر بنانے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے کئے منصوبہ جات پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہمارا ملک انشاء اللہ بہت جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔ اس موقع پر پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر رانا محمد شمیم نے گورنر پنجاب کو نئی ذمہ داریاں سنھبالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے اس دانشمندانہ فیصلے کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے اس فیصلے سے نہ صرف صوبے کے عوام بلکہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کے مسائل کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔

ملاقات کے دوران چیئرمین نے گورنر پنجاب کو اپنے ادارے کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ قبل ازیں، ئگورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں رضوان اللہ خاں کی قیادت میں پاکستان امریکہ بزنس فورم کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیے بغیر ملکی معیشت کا استحکام ممکن نہیں یہی وجہ ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کا بہترین ماحول فراہم کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے موثر حکمت عملی پر گامزن ہے - انہو ں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلیے مکمل تحفظ اور تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں - گورنرپنجاب نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں جب کہ کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے سے ملکی معیشت پر بھی دوررس اثرات مرتب ہوتے ہیں - انہو ں نے کہا کہ سرمایہ کارہمارے لیے قابل احترام ہیں جو تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے ترجیح دے رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ معیشت کے استحکام کے لیے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ان کی اقتصادی ٹیم کی تمام تر توجہ صنعتی ترقی پر ہے یہی وجہ ہے کہ حالیہ بجٹ میں سرمایہ کاروں کے لیے بہترین تجاویز مرتب کی گئیں ہیں - انہوں نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے پرکشش ترغیبات دی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے طریقے کار میں بھی آسانی پیدا کی جار ہی ہے-انہو ں نے کہا کہ ملک سے سرمائے کی منتقلی اور قابل افراد کی بیرون ملک روانگی کے رجحان کو کم کرنے کے لیے ایسی پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں جن سے یہ لوگ وطن میں رہتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کریں - گورنر پنجاب نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں بے پناہ مواقع موجود ہیں ، انہیں یہاں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی-انہوں نے کہا کہ خاص طور پر توانائی ، انفراسٹرکچر اور سوشل سیکٹرمیں امریکی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے لیے روشن امکانا ت ہیں -انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کے درمیان روابط کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ حکومت اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے تاجروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں- وفد کے سربراہ رضوان اللہ نے کہاکہ وفاقی حکومت کی موثر اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں اعتماد بڑھا اور کئی نئی امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہیں

متعلقہ عنوان :