سٹیزن کنٹیکٹ سنٹر کا منصوبہ حکومت اور عوام کے مابین فاصلے کم کر رہا ہے‘ڈاکٹر عمر سیف

ابتدائی طور پر محکمہ صحت، بلدیات، لائیو سٹاک، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، بورڈ آف ریونیو اور تعلیمی بورڈز کی خدمات کو بہتر بنانے اور شکایات کے اندراج کے لئے پی آئی ٹی بی نے ہیلپ لائنیں شروع کی ہیں‘چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی

جمعہ 12 جون 2015 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء ) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پی آئی ٹی بی میں شہری کال سنٹرقائم کیا گیا ہے جو عو ام اور حکومت کے درمیان فاصلے کم کر نے اور سرکاری خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ کے موجودہ دور میں ہیلپ لائن اور کال سنٹر حکومت اور شہریوں کے درمیان رابطے کا موثر ترین ذریعہ ہے جس سے گھر بیٹھے وہ نہ صرف سرکاری محکموں سے انکی فراہم کردہ خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں بلکہ ان کے خلاف شکایات بھی درج کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عوامی فلاحی منصوبہ عالمی بینک کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر چھ صوبائی محکموں یعنی صحت، بلدیات، لائیو سٹاک، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، بورڈ آف ریونیو اور تعلیمی بورڈز کے لئے الگ الگ ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان ہیلپ لائینوں سے شہریوں کے مسائل میں کمی آئی ہے اور متعلقہ محکموں میں شفافیت، احتساب اور خدمات کو بہتربنانے میں مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عوامی نوعیت کے دیگر محکموں میں بھی ہیلپ لائینیں قائم کی جا رہی ہیں کیونکہ عوام کنٹیکٹ سنٹر کی کار کردگی سے مطمئن نظر آتے ہیں جیسا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی ہیلپ لائن0800-08786نے گذشتہ سال نومبر میں کام شروع کیا تھا جس پر اب تک ایک لاکھ 20 ہزارکالیں موصول ہو چکی ہیں۔ ان میں سے 98 فیصدکال کرنے والوں نے سروس کے معیار پر مثبت رائے کا اظہار کیا۔

محکمہ صحت کی ہیلپ لائن 0800-99000کے ذریعے شہریوں کو ویکیسن، وبائی امراض سے بچاؤ اور ایمرجنسی سروسز کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ سرگودھا اور دیگر تعلیمی بورڈوں سے معلومات کے حصول کے لئے طلبا و طالبات 111-112-020پر کال کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مویشیوں کی بیماریوں اور مصنوعی نسل کشی کی معلومات لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کی ہیلپ لائن 00800-78685-6 پر دستیاب ہیں جبکہ جائیداد کی رجسٹری، انتقال یا فرد کے حصول کے مسائل ، یونین کونسل،ٹی ایم اے اور دیگر بلدیاتی اداروں سے متعلقہ معلومات0800-02345 پردی جاتی ہیں۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ہر سرکاری محکمے میں شفافیت اور بہتری لانے کے خواہشمند ہیں اور ہم جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان اہداف کے حصول کوآسان بنا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :