وزیراعظم نے کراچی میں ٹارگیٹڈآپریشن کے اگلے مرحلے کی منظوری دیدی

ڈی جی رینجرز کی فہرست میں شامل 20 سے زائد بااثر شخصیات کے خلاف کارروائی کا حکم وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے ملاقات میں آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام پہنچایا سندھ میں تصادم کی سیاست سے گریز کر رہے ہیں۔ ایسا ماحول نہ بنایا جائے جس میں سیاسی جماعتوں اور سیکیورٹی اداروں میں کشیدگی ہو، آصف زرداری کا پیغام

جمعہ 12 جون 2015 22:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی میں ٹارگیٹڈآپریشن کے اگلے مرحلے کی منظوری دے دی ہے ۔ ڈی جی رینجرز کی فہرست میں شامل 20 سے زائد بااثر شخصیات کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیاہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیراعظم کو آصف علی زرداری کا پیغام پہنچایا ہے کہ سندھ میں تصادم کی سیاست سے گریز کررہے ہیں۔

ایسا ماحول نہ بنایا جائے جس سے سیاسی جماعتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کشیدگی ہو۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کے اگلے مرحلے کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ڈی جی رینجرز کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں شامل 20 سے زائد بااثر افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کو گورنر ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کا خصوصی پیغام وزیراعظم کو پہنچایا جس میں کہا گیا کہ سندھ میں تصادم کی سیاست سے گریز کر رہے ہیں۔ ایسا ماحول نہ بنایا جائے جس میں سیاسی جماعتوں اور سیکیورٹی اداروں میں کشیدگی ہو۔ وزیراعلی سندھ نے رینجرز کی پریس ریلیز پر بھی تحفظات کا اظہار کیا کہ جب وزیراعلی ہاؤس سے اپیکس کمیٹی کی پریس ریلیز جاری کی جا چکی تھی تو پھر تین دن بعد رینجرز نے پریس ریلیز کیوں جاری کی؟۔ رینجرز کی پریس ریلیز میں سندھ کی سیاسی جماعتوں کو دہشت گرد بنا کر پیش کیا گیا۔