کرپشن اور کالے دھندوں سے جس کا جہاں زور چلا مال بٹورا۔شمشادخان غوری

کرپشن اور کالے دھن کو ناسور سمجھتے ہیں، دیہی و شہری کی تخصیص کے بغیر قلع قمع کیا جائے۔وائس چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ

جمعہ 12 جون 2015 23:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا کہ کرپشن اور کالے دھندوں کے ذریعے جس کا جہاں زور چلا اس نے مال بٹورا ،ڈی جی رینجرز نے درست کہا لیکن جتنی کرپشن سندھ کے شہری علاقوں میں کی گئی اتنی ہی دیہی علاقوں میں بھی ہوئی،محکمہ تعلیم اور ایریگیشن ڈیارٹمنٹ میں گھوسٹ بھرتیوں اور لوٹ مار کو بھی سامنے لانا چاہئے ۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پرعائشہ منزل سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں کالے دھندوں کے ذریعے 320ارب روپے بٹورنا تکلیف دہ ہے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ رقم ایک دن میں کمائی گئی؟ دہشت گردوں کی بیس سالوں سے کون پرورش کررہا ہے سب جانتے ہیں ۔

(جاری ہے)

شمشاد خان غوری نے کہا کہ لانچ سے برآمد ہونے والے اربوں روپے کس کے خون پسینے کی کمائی تھی اس سے بھی پردہ اٹھنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت دودھ کی دھلی نہیں ،نام نہاد مفاہمت کے ذریعے اگر دہشت گردوں کی پشت پناہی کی گئی تو اس میں حکمراں جماعت کا بھی مفاد تھا ،کراچی کے وسائل لوٹنے میں جہاں مافیا طرز جماعت کا کردار ہے وہیں پیپلز پارٹی نے بھی حصہ بانٹی کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ کرپشن اور کالے دھندے کرنے والوں کو ناسور سمجھتی ہے جو ملکی جڑوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس شاہد موجود ہیں تو پھر سیاسی مصلحتیں اور نظریہ ضرورت کو ایک کونے میں رکھ کر ان گورکھ دھندوں میں ملوث عناصر سے کراچی کے شہریوں کی جان چھڑا ئیں اور دیہی و شہری کی تخصیص نہ رکھی جائے۔

متعلقہ عنوان :