جمیکا ٹیسٹ، آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 399 رنز پر آؤٹ، سٹیون سمتھ نے 199 رنز کی اننگز کھیلی، جیروم ٹیلر کے 6 شکار

ہفتہ 13 جون 2015 12:11

جمیکا ٹیسٹ، آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 399 رنز پر آؤٹ، سٹیون سمتھ نے ..

کنگسٹن۔13جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) آسٹریلوی ٹیم جمیکا ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 399 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سٹیون سمتھ نے 199 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، بدقسمتی سے وہ ایک رن کے فرق سے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بنانے میں ناکام رہے۔ جیروم ٹیلر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈین ٹیم آسٹریلوی مضبوط باؤلنگ اٹیک کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کھیل کے اختتام تک اس نے 143 رنز پر 8 وکٹیں گنوا دیں۔

جرمائن بلیکووڈ 51 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لیون نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ میزبان ٹیم کو 256 رنز خسارے کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سبائنا پارک، کنگسٹن میں ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 258 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 399 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی۔

(جاری ہے)

سٹیون سمتھ نے 199 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور 21 چوکے شامل تھے، بدقسمتی سے وہ ایک رن کے فرق سے کیریئر پہلی ڈبل سنچری بنانے میں ناکام رہے۔

یاد رہے کہ وہ گزشتہ سال بھارت کے خلاف بھی 192 رنز پر آؤٹ ہوگئے تھے۔ شین واٹسن 25 ، بریڈ ہیڈن 22 ، مچل جونسن 5 ، مچل سٹارک 6 اور جوش ہیزل ووڈ 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جیروم ٹیلر نے کیریئر بیسٹ باؤلنگ کی اور 47 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جیسن ہولڈر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم آسٹریلوی مضبوط باؤلنگ اٹیک کو اعتماد کے ساتھ کھیلنے میں ناکام رہی اور کھیل کے اختتام تک اس کی 143 پر 8 وکٹیں گر گئیں۔

میزبان ٹیم کو 256 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ جرمائن بلیک ووڈ 51 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ کریگ براتھویٹ 4 ، ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے راجیندرا چندریکا صفر، ڈیرن براوو 14 ، شین ڈورچ 13 ، شائی ہوپ 26 ، کپتان دنیشن رامدین 8 اور ویراسیمی پرموئل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لیون نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔