خون کے عطیات کا عالمی دن کل منایا جائے گا

ہفتہ 13 جون 2015 13:17

فیصل آباد ۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں خون کے عطیات کا عالمی دن کل اتوار کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ امسال ورلڈ بلڈ ڈونرز ڈے کا عنوان" سیف بلڈ فار سیونگ مدرز" ہے۔مذکورہ دن کی مناسبت سے صوبائی دارالحکومتوں سمیت تمام ڈویژنل ، ضلعی ، تحصیل ، سٹی ہیڈ کوارٹرز کے ساتھ تمام شہروں میں خصوصی تقریبات ،کانفرنسز ، ورکشاپس ، مذاکروں ، مباحثوں اور دیگر پروگرامات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے واکس بھی منعقد کی جائیں گی نیز بڑے شہروں میں بلڈ کیمپس بھی لگائے جائیں گے جہاں شہری تھیلا سیمیا اورخون کی کمی کا شکار دیگر مریضوں کے علاوہ قدرتی آفات، ناگہانی واقعات ، ٹریفک حادثات سمیت دیگر واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے خون کے عطیات فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عالمی ادارہ صحت، محکمہ صحت حکومت پنجاب ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ، بلڈ ڈونرز ایسوسی ایشن ، علی زیب فاؤنڈیشن ، تھیلا سیمیا بلڈ ڈونیشن سنٹرز اور دیگر متعلقہ تنظیموں کے زیر اہتمام تعلیمی اداروں ، بڑی فیکٹریوں اور پبلک مقامات پر خون کے عطیات جمع کرنے کی بھی مہم چلائی جائے گی۔پنجاب میڈیکل کالج فیصل آبادکے ماہرین طب نے بلڈ ڈونرز ڈے کے سلسلہ میں بتایاکہ خون کا عطیہ دینا انسانی صحت کیلئے مفید ثابت ہوتا ہے تاہم اس کیلئے وقت ، عمر اور حالات حاضرہ کی بعض حدود و قیود پر عملدرآمد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ دے کر قیمتی انسانی جانیں بچانے والے دکھی انسانیت کے مسیحا ہیں۔

ا نہوں نے کہا کہ خون کی کمی کا شکار لوگوں کیلئے خون کاعطیہ دینا قومی حب الوطنی کا تقاضہ ہے۔انہوں نے بتا یا کہ ورلڈ بلڈ ڈونرزڈے کے دن کارل لینڈ سٹینر کی سالگرہ بھی منائی جاتی ہے جس نے خون میں اے ، بی ، او بلڈ گروپس سسٹم دریافت کر کے نوبل پرائز حاصل کیا۔

انہوں نے بتا یا کہ ورلڈ بلڈ ڈونرزڈے کے دن عوام کو خون کے عطیات دینے کی اہمیت، اس کی ترغیب ، ضرورت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے بتا یا کہ ترقی پذیر ممالک میں ا گرچہ ہر ایک ہزار افراد میں سے 10افراد خون کا عطیہ دیتے ہیں لیکن اس شرح میں اضافہ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل ایمر جنسی ، ٹراما کیسز، ٹریفک حادثات ، اینیمک خواتین و بچوں ، کینسر کے مریضوں ، سیکل سیل انیمیا ، تھیلا سیمیا ، ہیمو فیلیا اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو خون کی تبدیلی و بلڈ ٹرانسفیوژن کی ضرورت ہوتی ہے جن کیلئے خون کے عطیات دینا ہر محب وطن شخص کا فرض ہے ۔

انہوں نے بتا یاکہ اس موقع پرعوام میں خون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا جائے گا کہ خون کا ایک قطرہ ضرورت کے وقت کس قدر افادیت رکھتا ہے۔ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کرے گا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا جائے گا۔