انسان کی غذائی ضروریات میں لحمیات ، نشاستہ ، تیل ، معدنیات اور حیاتین کی اشد ضرورت ہوتی ہے،ماہرین زراعت

ہفتہ 13 جون 2015 13:18

فیصل آباد ۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء)جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے زرعی ماہرین نے بتایا ہے کہ انسان کی غذائی ضروریات میں لحمیات ، نشاستہ ، تیل ، معدنیات اور حیاتین کی اشد ضرورت ہوتی ہے جبکہ زود ہضم ہونے کی بنا پر سبزیوں اور ان کے اجزاء کا حصول انسانی جسم کا ایک پسندیدہ ذریعہ جن کے استعمال سے انسان تندرست و توانا رہ سکتا ہے نیز سبزیوں کی کاشت دوسری فصلو ں کی نسبت زیادہ منافع بخش ہے جن میں لحمیات ، نشاستہ ، تیل ، معدنیات اور حیاتین کی وافر مقدار سبزیوں میں پائی جاتی ہے ۔

ایک ملاقات کے دوران بتایا کہ آلو ، لہسن ، پیاز، شکر قندی وغیرہ میں نشاستہ کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے اسی طرح مٹر ، پتوں والی پھلیدار سبزیوں ، لہسن میں لحمیات جبکہ ٹماٹر ، گاجر ، شلجم ، شکر قندی ، جڑوں اور پتے والی سبزیوں میں وٹامن اے کی بڑی تعداد پائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مٹر ،پھلیوں ، ٹماٹر میں وٹامن بی ، سبز مرچ ، شلجم ، پھول گوبھی ، بند گوبھی ، پالک ،پودینہ وغیرہ میں وٹا من سی کثر ت سے پایا جاتا ہے جو ہر عمر کے انسان کی جسمانی صحت کیلئے اشد ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کسی ایک سبزی پر نظر دوڑائی جائے تو پتہ چلتاہے کہ انسانی ضرورت کے تمام اجزاء کم و بیش اس میں موجود ہیں ۔ پھر سبزیاں اناج اور گوشت کی نسبت سستی بھی ہیں ۔ایسے انفرادی اور قومی صحت کے پروگرام سبزیوں کی عدم شمولیت سے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے سبزیوں کا زیر کاشت رقبہ دوسری زرعی اجناس کے زیر کاشت رقبہ کے مقابلے میں بہت کم ہے حالانکہ فی ایکڑ پیداوار کے لحاظ سے اکثر سبزیوں کو اپنی پیداواری صلاحیت میں دوسری فصلوں سے برتری حاصل ہے ۔

انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ منافع حاصل کرنے کیلئے دیگر زرعی اجناس کی طرح سبزیوں کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنائیں تاکہ انسانی صحت کے ساتھ انہیں مالی منفعت بھی حاصل ہو سکے۔