کاشتکار دھان کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے منظور شدہ اقسام کاشت کر یں،محکمہ زراعت

ہفتہ 13 جون 2015 13:20

لاہور ۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) کاشتکار دھان کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کی کاشت شروع کر یں۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق دھان کی زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل منظور شدہ اقسام میں سپرباسمتی، باسمتی 370-، باسمتی 385-، باسمتی پاک (کرنل باسمتی)، باسمتی 2000-، باسمتی 515-، پی ایس 2-، پی کے 386- اور باسمتی 198-(صرف ساہیوال، اوکاڑہ اور ملحقہ علاقوں کے لئے)کی پنیری یکم جون سے 20جون تک کاشت کریں جبکہ شاہین باسمتی کی پنیری کاموزوں وقت کاشت 15جون سے 30جون تک ہے۔

ترجمان نے مزید کہا ہے کہ کاشتکار ہائبرڈ اقسام وائی 26-، پرائیڈ 1-، شہنشاہ 2-، پی ایچ بی 71-اور آرائز سوئفٹ کی پنیری کی کاشت 20مئی سے 15جون تک مکمل کریں۔ انہوں نے بتایاکہ سال 2015-16میں صوبہ پنجاب میں 4.44ملین ایکڑ رقبہ دھان کے زیر کاشت لایا جائے گا جس سے 3.5ملین ٹن پیداوا رحاصل ہوگی۔