جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کوتیزکیاجائے‘ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ

ہفتہ 13 جون 2015 13:21

کوہاٹ۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء )ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کیپٹن(ر)کامران احمد نے ضلع کے مختلف حصوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ عوام حکومت کی طرف سے شروع کردہ منصوبوں کے بہتر ثمرات سے استفادہ کر سکیں۔یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں مالی سال 2013-14اور 2014-15 کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار سے متعلق ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔

ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس کوہاٹ واحد الرحمن خٹک نے چارٹ کی مدد سے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار اور تکمیل سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس میں مالی سال 2013-14اور 2014-15 میں آئل اینڈ گیس رائلٹی،سپیشل ترقیاتی پیکیج،مول اور او جی ڈی سی ایل کی طرف سے پروڈکشن بونس اور ڈسٹرکٹ کونسل فنڈز کے تحت جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت ہر سال لوگوں کی ضروریات کے پیش نظر منتخب اراکین اسمبلی کی طرف سے تجویز کردہ اور دیگر ترقیاتی پروگرامز کے تحت مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے خطیر رقومات مختص کرتی ہے لہٰذا مقامی سطح پر مقیم ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کے ذمہ دار حکام کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ نہ صر ف ان منصوبوں کی معیا ر پر کڑی نظر رکھیں بلکہ انکی مقررہ وقت میں تکمیل یقینی بنانے کے لئے مخلصانہ کوششیں کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا اور غفلت کے مرتکب افسران اور اہلکاروں کے خلاف کاروائی ہو گی۔ دریں اثناء اجلاس میں مقامی سرکٹ اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس دفاتر میں ضروری مرمت اور تزین و آرائشی کے حامل کئی منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں ایکسین سی اینڈ ڈبلیو جمشید خٹک، سی ایم او کوہاٹ محمد شعیب ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد عابد اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔