ٹیسٹ میں دو ٹرپل سنچریز ‘ون ڈے میں 21 سنچریز سکور کی ہیں‘تمام فارمیٹس کا بادشاہ ہوں‘اپنے انٹرنیشنل کیریئر بارے سنجیدگی سے منصوبہ بندی کررہا ہوں‘ویسٹ انڈیز واپسی پرکوچ اور بورڈ سے بات کرونگا

ویسٹ انڈین کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل کا بیان

ہفتہ 13 جون 2015 13:44

لاس ویگاس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) ویسٹ انڈین کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل کہتے ہیں کہ لوگ کہتے ہیں کہ کرس گیل ٹی ٹوینٹی کا بادشاہ ہے، یہ ہے اور وہ ہے لیکن میں کہتا ہوں کہ میں ٹیسٹ کرکٹ کا بھی بادشاہ ہوں۔ میں نے ٹیسٹ میں دو ٹرپل سنچریز سکور کی ہیں۔ ون ڈے میں 21 سنچریز سکور کی ہیں ، اس لئے میں تمام فارمیٹس کا بادشاہ ہوں۔ کرس گیل جو ان سمر سیٹ کی جانب سے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں، ان دنوں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے حوالے سے سنجیدگی سے منصوبہ بندی کررہے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ ویسٹ انڈیز واپسی پر اس بارے میں کوچ اور بورڈ سے بات کریں گے۔

کرس گیل نے فی الحال سمر سیٹ کی جانب سے تین میچز میں شرکت کی ہے جہاں ان کا بالترتیب سکور92رنز، 151رنز ناٹ آوٴٹ اور85رنز ناٹ آوٴٹ رہا ہے۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر کرس گیل تاحال170گیندوں پر 328رنز بنا چکے ہیں جن میں29چھکے شامل ہیں۔ رواں سیزن میں شامل کسی بھی کھلاڑی کے انفرادی سکور کے مقابلے میں یہ تین گنا زیادہ سکور ہے جس کی وجہ سے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کرس گیل اب ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ لے کے خود کو کاوٴنٹی کرکٹ تک محدود کردیں گے تاہم وہ کہتے ہیں کہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی دونوں ہی ضروری ہیں۔

کرس گیل کے مطابق درحقیقت آج کے دور میں ٹی ٹوینٹی کرکٹ ہی لوگوں کو دوبارہ ٹیسٹ میچز دیکھنے کیلئے بھی میدان میں لارہی ہے اور یہ خوش آئند ہے۔ ان کے مطابق تینوں فارمیٹس کی اپنی اپنی جگہ اہمیت ہے اور اس لئے وہ تینوں ہی فارمیٹس میں شاندار کھیل پیش کرتے اور تینوں میں خود کو بہترین سمجھتے ہیں۔